حکومت کا ملک میں حرام اجزا ء سے تیاراشیا کی درآمد اور فروخت کوروکنے کیلئے حلال فوڈ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ

منگل 10 مارچ 2015 13:49

اسلام آباد/لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) حکومت نے ملک میں حرام اجزا ء سے تیاراشیا کی درآمد اور فروخت کوروکنے کے لیے حلال فوڈ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کر لیا، ملک میں پہلی مرتبہ اس طرح کی اتھارٹی کے قیام کے فیصلے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے بل کا مسودہ بھی تیار کرلیا ہے، صوبوں کی مخالفت کے باعث فوڈ اتھارٹی کے قیام کا مسودہ مشترکہ مفادات کونسل کو بھجوا دیا گیا ہے جو 20مارچ کو کونسل کے بلائے گئے اجلاس میں زیر بحث آئے گا۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بل کے مسودے کے مطابق اتھارٹی کے قیام کا مقصد حرام اشیا ء کی درآمد اور فروخت کو روکنا ہے۔پاکستان حلال اتھارٹی کے انتظامات 22رکنی بورڈ آف گورنرز چلائے گا جس کی سربراہی وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کریں گے جبکہ دیگر ارکان میں وزارت تجارت، خزانہ، صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی، خوراک اور مذہبی امور کے سیکرٹریز شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز بھی بورڈ کے ارکان میں شامل کئے جائیں گے جبکہ حکومت کے نامزد کردہ تین مذہبی اسکالرز کو بھی بورڈ میں رکنیت دی جائے گی۔مسودہ کے مطابق حلال اشیا ء کی درآمد اور فروخت اتھارٹی کی تصدیق کے بغیر نہیں ہوسکے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو کم سے کم 1لاکھ روپے، زیادہ سے زیادہ 10لاکھ روپے جرمانہ اور قید کی سزا ہوسکے گی۔

متعلقہ عنوان :