سی آئی اے نواں کوٹ نے جعلی رسیدی ٹکٹیں چھاپ کر فروخت کرنے والے جعلساز گروہ کے 2 ملزموں کو گرفتار کرلیا

پیر 9 مارچ 2015 23:11

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء )سی آئی اے نواں کوٹ نے جعلی رسیدی ٹکٹیں چھاپ کر فروخت کرنے والے جعلساز گروہ کے 2 ملزموں کو گرفتار کر کے ان سے تقریبا 12 لاکھ روپے مالیت کی جعلی رسیدی ٹکٹیں برآمد کرلیں ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کو اطلاع ملی کہ فراڈیوں اور جعلسازوں کا ایک ایسا گروہ جو ہر سال کروڑوں روپے کی جعلی رسیدی ٹکٹیں چھاپ کر قومی خزانہ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہا ہے لاہور ہائی کورٹ اور دیگر عدالتوں کے ارد گرد جعلی رسیدی ٹکٹیں فروخت کرنے میں سرگرم ہے۔

جس پر ایس پی سی آئی اے نے ڈی ایس پی سی آئی اے نواں کوٹ انور سعید کنگرہ کو اس گروہ کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا۔ انور سعید کنگرہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ جب اس گروہ کے ملزموں کی گرفتاری پر کام شروع کیا تو انہیں پتہ چلا کہ گروہ کے ملزمان جبران وغیرجعلی رسیدی ٹکٹوں کی فروخت کا دھندہ منظم انداز میں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر پولیس ٹیم نے ریڈ کر کے دکان نمبر6 سے ملزموں محمد ندیم اور اویس ندیم کو گرفتار کر لیا جبکہ ملزم جبران موقع سے بھاگ جانے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس نے ملزموں کے قبضہ سے قریبا 12 لاکھ روپے مالیت کی جعلی رسیدی ٹکٹیں، کمپیوٹر، پرنٹر اور پرنٹنگ میں استعمال ہونے والا میٹریل برآمد کر لیں ہیں ۔ ملزمان ایک عرصہ سے جعلی رسیدی ٹکٹیں چھاپ کر قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے تھے ۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم نے جعلساز اور فراڈیوں کے گروہ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیاہے۔