شہید ہونے والے ژوب کے پولیو ورکرز ‘لیویزاور پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو معاوضے سمیت مراعات بھی فراہم کی جائینگی، جعفرخان مندوخیل ،

قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے ، فرض نبھاتے ہوئے جان کی قربانی دی ، صوبائی وزیر

پیر 9 مارچ 2015 22:43

کوئٹہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء ) پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر اور صو بائی وزیر ریونیو ایکسائز و ٹرانسپورٹ شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں شہید ہونے والے ژوب کے پولیو ورکرز ‘لیویزاور پولیس اہلکاروں کو حکومت بلوچستان نہ صرف معاوضہ فراہم کریگی بلکہ ان کے خاندانوں کو دیگر مراعات بھی فراہم کیے جائینگے ہم انکی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے کیونکہ انہوں نے فرض کو نبھاتے ہوئے جان کی قربانی دی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا‘جعفرمندوخیل نے کہاکہ ان کے آج وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات صرف اور صرف ژوب میں گزشتہ دنوں اغواء کرکے بعد میں شہید کرنے والے پولیوورکرز اور دو لیویز اہلکاروں جبکہ ژوب سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکاروں جن کو ڈی پی او شیرانی شاکر کاکڑ کے قافلے پر حملے کے دوران شہید کیاگیا تھاان کے ورثاء کو حکومت بلوچستان کی جانب سے مالی امداد اور ان کے خاندانوں کو دیگر مفادات اور مراعات فراہم کرنے کے حوالے سے ایک میٹنگ ہوئی جس میں ان امور پر غور و خوص ہوا اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے صوبائی وزیر جعفرخان مندوخیل کے اس سلسلے میں تجاویز کو سراہا اور فوری طور پر مالی امداد اور دیگر مفادات و مراعات غمزدہ خاندانوں کوفراہم کرنے کے احکامات جاری کیے وزیراعلیٰ بلوچستان نے جعفرمندوخیل سے کہاکہ پولیو ورکرز اور لیویز و پولیس اہلکاروں نے اپنے فرض کیلئے اپنی جان کی قربانی دی جنہیں ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنے فرض کو نبھایا اور اس کی خاطر اپنی جانوں کی بھی پرواہ نہیں کی حکومت بلوچستان آئندہ کیلئے ایسے واقعات کو روکنے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے تاکہ عوام کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین اور سرکاری فورسز کو بھی تحفظ فراہم کیا جاسکیں انہوں نے کہاکہ علاقے کے لوگوں کی بھی زمہ دار بنتی ہے کہ وہ بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت بلوچستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ علاقے کو پرامن اور محفوظ بنایا جاسکے جعفرمندوخیل نے کہاکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے ان کی درخواست پر پولیو ورکرز لیویز اور پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کو مالی امداد اور حکومتی مراعات اور مفادات کے اعلان پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ شہداء کا تعلق انتہائی غریب خاندانوں سے تھا اور وہ غریب خاندانوں کے چشم و چراغ تھے لہٰذا فرض پر جان قربان کرنے کے بعد حکومت کی بھی یہی ذمہ داری بنتی تھی کہ وہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ نہ صرف ہمدردی کا اظہار کرتی بلکہ انہیں مکمل سپورٹ بھی کرتے۔

متعلقہ عنوان :