معاشی استحکام کے لیے کرپشن کو ختم کرنا ہوگا، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

پیر 9 مارچ 2015 22:27

کوئٹہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ معاشی استحکام کے لیے کرپشن کو ختم کرنا ہوگا۔پاکستان کے نظام حکمرانی میں ٹوٹ پھوٹ واضح ہے۔ کرپشن ہر حکومت کے احکامات کو بے اثر کردیتی ہے اسی وجہ سے ملک افراتفری کے دہانے پر کھڑا ہے۔ اگر حکومتوں نے اپنی گرفت نظام حکومت پر مضبوط نہ کی تو ملک میں افراتفری پھیل جائیگی۔

پاکستان باہر کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے مگر اندورنی کرپشن کی دیمک اس ملک کی جڑوں کو چاٹ رہی ہے۔اس سے نمٹنے میں وہ ناکام نظر آرہا ہے۔ پاکستان میں جہاں دہشتگردوں کو موقع ملتا ہے وہ حملہ آور ہو جاتے ہیں۔اس میں ان کو ایسے سہولت کار مل جاتے ہیں جو ان دہشت گردوں سے ڈر جاتے ہیں یا پیسے لے کر بک جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

کرپشن عام آدمی پر ہی موقوف نہیں ، بلکہ اس کا دائرہ ہر ایک کو گھیرے میں لیے ہوئے ہیں۔

لگتا ہے کہ پاکستان کا اصل مسئلہ کرپشن ہے جو پاکستان میں نہ امن ہونے دے رہا ہے اور نہ ہی ہم دہشت گردی کو ختم کر پا رہے ہیں۔ اس لیے کرپشن ہماری تدبیر کا توڑ بن جاتا ہے۔ پھر پاکستان میں شاہانہ زندگی گزارنے کی جو دوڑ چلی ہے اس نے پاکستان میں اقدار بننے نہیں دیں۔ جس نے پاکستان کی سوسائٹی کو ترقی کرنے سے روک رکھا ہے۔ مرکزی اور صوبائی سطح پر اس قدر کرپشن ہے کہ وہ پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے۔ اس ملک میں بنیادی انسانی حقوق سب کے لیے یکساں نہیں ہے۔کوئی بھی اپنا احتساب کرنے کو تیار نہیں ہے۔ یہی ہماری قوم کی پریشانیوں کا سبب بھی ہے۔