کراچی،شہر کی بڑی سڑکوں پر تجاوزات کا خاتمہ، مرمت و استرکاری اور صفائی کے کاموں کو مزید تیز کیا جائے م ثاقب احمد سومرو،

سڑک کے کناروں اور گرین بیلٹ پر شجر کاری میں اضافے کے لئے موسمی پھول اور پودے لگائے جائیں

پیر 9 مارچ 2015 22:18

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرونے ہدایت کی ہے کہ شہر کی بڑی سڑکوں پر تجاوزات کا خاتمہ، مرمت و استرکاری اور صفائی کے کاموں کو مزید تیز کیا جائے جبکہ سڑک کے کناروں اور گرین بیلٹ پر شجر کاری میں اضافے کے لئے موسمی پھول اور پودے لگائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا اس دوران میٹروپولیٹن کمشنر مسعود عالم، ڈی جی ٹیکنیکل سروسز نیاز احمد سومرو بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے آئی آئی چندریگر روڈ، مولوی تمیز الدین خان روڈ، شاہراہ فیصل، شاہراہ قائدین، بزنس ریکارڈر روڈ، نیو ایم اے جناح روڈ ، ناظم آباد، لیاقت آباد، یونیورسٹی روڈ کا تقریباً 4 گھنٹے تک تفصیلی دورہ کیا اور مختلف جگہوں پر صفائی ستھرائی کی صورتحال اور سڑکوں کی مرمت کا معائنہ کیا انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بڑی سڑکوں کے کناروں اور چوراہوں پر پنکچر لگانے والے، ٹی شاپس اور دیگر کیبن قائم ہیں جس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ حادثات کا اندیشہ اور ٹریفک میں بھی مسائل پیدا ہو رہے ہیں انہوں نے سولجر بازار نالے کا بھی معائنہ کیا اور بزنس ریکارڈرروڈ پر پڑے گڑھوں کی فوری طور پر مرمت اور سڑک کی استرکاری کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ برساتی نالوں کے کناروں پر قائم تجاوزات کو فوراً ختم کیا جائے ان تجاوزات سے نالوں پر مزید قبضے کا خطرہ ہونے کے ساتھ ساتھ مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں، نالوں اور سڑکوں کے کناروں پر تجاوزات پختہ ہوجاتی ہیں تو ان کو ہٹانا مشکل ہوجاتا ہے لہٰذا تجاوزات کو فوراً ہٹا دینا چاہئے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمہ داری ہے کہ شہرکی تمام بڑی سڑکوں کی مرمت و دیکھ بھال کرے اور ان کو خوبصورت بنائے اگر شہر کی بڑی سڑکوں کو خوبصورت و صاف ستھرا بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں تو شہر خود بخود خوبصورت لگے گا انہوں نے ڈی جی پارکس کو ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی جائے ، سڑکوں کے کناروں اور درمیانی حصہ میں جہاں شجر کاری نہیں ہے وہاں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں انہوں نے کہا کہ پھولدار پودے لگانے سے شہر کا ماحول زیادہ خوبصورت ہوگا اور شہر میں پھولوں کو فروغ دینے سے خوبصورتی میں بھی فروغ حاصل ہوگا اس لئے چورنگیوں اور بڑی سڑکوں پر پھولدار پودے لگائے جائیں، انہوں نے کہا کہ وہ اکثر اچانک دورہ کریں گے لہٰذا تمام بڑی سڑکوں پر توجہ دی جائے تاکہ سرسبز صاف اور پرامن سندھ کی مہم کو موثر بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :