حلال فوڈ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ

پیر 9 مارچ 2015 22:15

حلال فوڈ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9مارچ۔2015ء) حکومت نے ملک میں حرام اجزاء سے تیاراشیاء کی درآمد اور فروخت کوروکنے کے لیے حلال فوڈ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق ملک میں پہلی مرتبہ اس طرح کی اتھارٹی کے قیام کے فیصلے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے بل کا مسودہ بھی تیار کرلیا ہے۔ صوبوں کی مخالفت کے باعث فوڈ اتھارٹی کے قیام کا مسودہ مشترکہ مفادات کونسل کو بھجوا دیا گیا ہے جو 20 مارچ کو کونسل کے بلائے گئے اجلاس میں زیر بحث آئے گا۔

بل کے مسودے کے مطابق اتھارٹی کے قیام کا مقصد حرام اشیاء کی درآمد اور فروخت کو روکنا ہے۔ پاکستان حلال اتھارٹی کے انتظامات 22 رکنی بورڈ آف گورنرز چلائے گا جس کی سربراہی وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کریں گے جب کہ دیگر ارکان میں وزارت تجارت، خزانہ، صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی، خوراک اور مذہبی امور کے سیکرٹریز شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز بھی بورڈ کے ارکان میں شامل کئے جائیں گے جب کہ حکومت کے نامزد کردہ تین مذہبی اسکالرز کو بھی بورڈ میں رکنیت دی جائے گی۔

مسودہ کے مطابق حلال اشیاء کی درآمد اور فروخت اتھارٹی کی تصدیق کے بغیر نہیں ہوسکے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو کم سے کم ایک لاکھ روپے، زیادہ سے زیادہ دس لاکھ روپے جرمانہ اور قید کی سزا ہوسکے گی۔