ہمارے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں،ڈرامہ فیسٹیول نے حوصلے مزید بلند کئے،محمد نعیم

پیر 9 مارچ 2015 21:29

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس(پی این سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل محمد نعیم نے کہاہے کہ ہمارے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں،ڈرامہ فیسٹیول نے حوصلے مزید بلند کئے اور نوجوان فنکاراپنی کاوشوں سے کئی سینئر ز اداکاروں کو پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔ پاکستانی ڈرامے کا مستقبل روشن ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ فیسٹیول ڈرامے کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام منعقدہ سات روز یوتھ ڈرامہ فیسٹیول کے اختتام پر تقرب تقسیم انعامات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی این سی اے فن اور فنکاروں کی ترقی اور عوام کومثبت تفریح فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

ہم نے اپنی توجہ اْبھرتے فنکاروں کی تربیت اور ان کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے موقع اور پلیٹ فارم مہیاکرنے پرمرکوز کی ہیں۔

فیسٹیول کی کامیابی پر اپنے تمام کارکنان کو مبارکباد دی اورججز صاحبان کاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر پہلے نمبر پرآنے والے کھیل کو دوبارہ پیش کرنے کا بھی اعلان کیا۔ فیسٹیول اپنے آخری کھیل ”خواب“ کے ساتھ اختتام پزیر ہوا۔ جسے بحریہ یونیورسٹی نے پیش کیا۔ مزاح سے بھرپور اس خوبصورت ڈرامیمیں معاشرے کے ناسور جہیز پر تنقید کی گئی ہے اور موجودہ دور کے ماڈرن طرز زندگی اور اْسکے نقصانات سے لوگوں آگاہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

معاشرے میں گرتے ہوئے انسانی اقدار ، لالچ اور خواتین کے حوالے سے منفی سوچ رکھنے والوں کی آنکھیں کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈرامے کے اختتام پر صابر خان ، فوزیہ طاہر اور افضال لطیفی پر مشتمل ججز نے فیسٹیول میں پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ڈراموں کا اعلان کیا۔ فیسٹیول میں کامسیٹس یونیورسٹی کا کھیل ”ابتدائے عشق“ پہلا ، فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کا ”جاڑے کی داستان“ دوسرا اور قائدِ اعظم یونیورسٹی کا کھیل ”میری کہانی“ تیسرے نمبر پر رہا۔ جبکہ بہترین اداکار ”ابتدائے عشق“ کا طاہا اور بہترین اداکارہ ”گڑیا کا گھر“ کی فاطمہ رضوان قرار پائی۔۔۔