Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کی خواتین کے عالمی دن کے موقع پرخواتین کی ملک کی ترقی و خوشحال کی کے لیے بیش بہا خدمات پر خواتین کو مبارکباد پیش

پیر 9 مارچ 2015 21:20

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 9 مارچ 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر علی زیدی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پرخواتین کی ملک کی ترقی و خوشحال کی کے لیے بیش بہا خدمات پر خواتین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پاکستان میں اپنی جدوجہد ، محنت اور لگن سے ہر شعبے میں مساوی کردار ادا کررہی ہیں ۔ پارٹی قیادت اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ خواتین معاشرتی ترقی اور تبدیلی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ،تحریک انصاف خواتین کو گھر ، کاروبار اور دفاتر میں با اختیار بنانے کی پرُزور حمایت کرتی ہے ۔

علی زیدی نے مزید کہا کہ ہمارے دھرنوں کے 126دنوں میں پاکستانی خواتین نے جس طرح سیاسی شعور کو اجاگر کیا اُ س کی مثال نہیں ملتی، تحریک انصاف کے دھرنوں ، ریلیوں میں خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا وہ قابل ستائش ہے ۔

(جاری ہے)

جس طرح تحریک انصاف کی سینئر خاتون رہنما زہر ہ شاہد حسین (مرحومہ ) نے اپنی علمی اور سیاسی جدوجہد میں جو کردار ادا کیا اُس پر تحریک انصاف انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔

علی زید ی نے مزید کہا کہ مادر ملت فاطمہ جناح اور رانا لیاقت کی پاکستان بننے کے دوران کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی اُس جنگ میں بھی خواتین نے مردوں کے شانہ بشانہ کام کیا ۔ علی زیدی نے قائد اعظم کی خواتین کے بارے میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے الفاظ کو دہراتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قوم اُس وقت تک کامیاب نہیں ہوتی جب تک وہ اپنی خواتین کو برابری کا حق نہ دیں اور نہ ہی کوئی تحریک اُن کی جدوجہد کے بغیر کامیاب ہوسکتی ہے ۔

پاکستان کی آبادی 50فیصد سے زائد خواتین پر مشتمل ہے لیکن قومی اسمبلی میں کل اراکین میں سے 20فیصد خواتین کو نمائندگی کا حق حاصل ہے اور کل مشترکہ وفاقی و صوبائی کابینہ کے وزراء میں سے صرف 10فیصد نمائندگی حاصل ہے ۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ نئے پاکستان کے حصول کے لیے خواتین کو مزید آگے بڑھ کر کام کرنا ہوگا اور پاکستان تحریک انصاف خواتین کو ہر پلیٹ فارم پر مساوی نمائندگی دینے کے عزم رکھتی ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات