کراچی، ترقیاتی سکیموں میں کام کے معیار اور بروقت تکمیل پر فوکس رکھا جائے ، ڈاکٹر سکندر میندھرو

پیر 9 مارچ 2015 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) سندھ کے پارلیمانی امور ماحولیات اور ساحلی ترقی کے وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا ہے کہ ترقیاتی اسکیموں میں کام کے معیار اور اسکیم کی مقررہ مدت میں تکمیل پر خصوصی فوکس رکھا جائے ۔ کام کے معیار اور بروقت تکمیل میں کسی قسم کی کوتاہی قومی وسائل کا زیاں اور عوام کی مشکلات میں اضافے کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا ۔

ان خیالات کاا ظہار انہوں نے گذشتہ روز دربار ھال ضلع بدین میں مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ضلع بدین میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے کام کی رفتار کام کے معیار اور مقررہ مدت میں ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بدین سے رکن قومی اسمبلی کمال چانگ اور ضلع بدین سے اراکین صوبائی اسمبلی اللہ بخش تالپور اور محمد نواز چانڈیو نے بھی شرکت کی جبکہ ہائی ویز تعمیرات آبپاشی بجلی بلدیات اور دیگر محکموں کے ضلعی افسران اجلاس میں موجود تھے اور انہوں نے اپنے اپنے محکمے کی جاری ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔

اس موقع پر ڈاکٹر سکندر میندھرو نے افسران پر واضح کیا کہ جاری ترقیاتی اسکیموں پر کام کے معیار اور رفتار کے جائزے کے لئے وہ ہر پندرہ دن بعد منتخب اراکین اسمبلی کے ہمراہ جائزہ لیں گے اور افسران کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کریں گے ۔ لہذا اسکیموں میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی سے قطعاگریز کیاجائے ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ علاقے کے لوگوں کے مسائل بھی سنے اور مسائل کے حل کے لئے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کیں ۔

متعلقہ عنوان :