سابق صدر آصف علی زرداری کا قائد ایم کیوایم الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ، سینیٹ الیکشن ، ملکی سیاسی صورتحال ،باہمی دلچسپی ودیگر امورپر تبادلہ ء خیال

پیر 9 مارچ 2015 16:37

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) سابق صدرمملکت اورپاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے گزشتہ شب ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے فون پر گفتگو کی اور ان سے سینیٹ الیکشن ، پاکستان کی سیاسی صورتحال اورباہمی دلچسپی کے دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہاکہ پاکستان کے موجودہ حالات اس بات کاتقاضہ کرتے ہیں کہ مفاہمت کی سیاست اوراتحادویکجہتی کی فضاء کوفروغ دیاجائے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے ان کی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان سب کاہے اوریہ تمام سیاسی جماعتوں کاحق ہے کہ ان کے مینڈیٹ کااحترام کیاجائے اور اگر وہ میرٹ پر پورے اترتے ہوں تو انہیں انتظام حکومت اوراقتدارحکومت میں ان کاحصہ دیاجائے تاکہ وہ اپنے عوام کی خدمت کرسکیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ تضادات عین جمہوری عمل کاحصہ ہیں تاہم یہ ضروری ہے کہ ” جیواورجینے دو “ کے اصو ل کے تحت آگے کے معاملات طے کئے جائیں۔دونوں رہنماوٴں کے درمیان دیگراہم امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔