فیصل چوک میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے باعث

ٹریفک بلاک رہنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا

پیر 9 مارچ 2015 16:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) صوبائی دارالحکومت میں شاہراہ قائداعظم کے معروف فیصل چوک میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے باعث ٹریفک بلاک رہنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، مال روڈ پر ٹریفک بند اور جام ہونے کے باعث کئی ایمبولینس گاڑیاں رش میں پھنسی رہیں اور انتہائی نگہداشت کے حامل مریض ایمبولینس گاڑیوں میں پھنسے رہے، ٹریفک پولیس ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی، رش کی وجہ سے گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے باعث شہریوں میں بھی تلخ کلامی اور جھگڑے ہوتے رہے، مال روڈ کی ٹریفک کا بہاؤ دیگر شاہرات پر منتقل کرنے کے باعث دیگر سڑکوں پر گاڑیاں گھنٹوں رش میں پھنسی رہیں، سکول کے بچوں کو گھروں تک پہنچنا دشوار ہو گیا، احتجاجی مظاہرے اور دھرنوں سے ریڑھی بانوں کی چاندی ہو گئی، لوگ احتجاجی مظاہروں کے دوران ریڑھی بانوں سے کھانے پینے کی اشیاء خریدتے رہے