سپریم کورٹ نے کورٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو زندہ جلانیمیں ملو ث ملزمان کیخلاف کارروائی بارے پو لیس سے 24 مارچ تک جواب طلب کر لیا

پیر 9 مارچ 2015 14:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) سپریم کورٹ نے کورٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو بھٹے میں زندہ جلانے کے واقعہ کے مقدمے کی سماعت کے دوران تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ کرے گی جبکہ عدالت میں ورثاء کو سکیورٹی دینے اور پولیس کی مدد کیلئے تین رکنی استغاثہ کی ٹیم مقرر کرتے ہوئے پولیس سے ملزمان کیخلاف کارروائی بارے 24 مارچ تک جواب طلب کیا ہے‘ جسٹس دوست محمد نے ریمارکس دئیے کہ پولیس 90 ملزمان گرفتار کرکے بھی ذمہ داروں کا تعین نہیں کرسکی‘ اگر ایس پی قتل ہوا ہوتا تو 90 کے 90 ملزمان سے جرم کا اعتراف کراچکی ہوتی‘ پولیس کی موجودگی میں مسیحی جوڑے کو جلایا گیا مگر انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

انہوں نے یہ ریمارکس پیر کے روز دئیے جبکہ مقدمے کی سماعت دو رکنی بنچ نے جب شروع کی تو پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ذمہ دار پولیس افسروں کیخلاف کارروائی جاری ہے جبکہ 90 ملزمان گرفتار ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

واقعہ مقامی مولویوں کی جانب سے مساجد میں اعلان کرانے پر ہوا جس میں انہوں نے لوگوں کو اکسایا تھا کہ نعوذ بااللہ مسیحیوں نے قرآن پاک کی بے حرمتی کردی ہے جس پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے جنہیں سنبھالنا چند پولیس اہلکاروں کے بس میں نہیں تھا۔

گرفتار ملزمان کا ٹرائل جاری ہے‘ وقت دیا جائے۔ عدالت نے رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اتنا بڑا واقعہ ہوگیا اور ابھی تک ملزمان کیخلاف قابل ذکر کارروائی نہیں ہوسکی۔ عدالت نے اپنے آرڈر میں لکھوایا کہ عدالت اگلی سماعت پر اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ آیا پولیس کا جو رویہ ہے اس پر مقدمے میں پیشرفت ہوسکے گی یا نہیں اور کیا اس مقدمے میں جوڈیشل کمیشن انکوائری کیلئے بنانا چاہئے یا نہیں۔

مسیحی جوڑے کے ورثاء نے عدالت سے استدعاء کی کہ ان کو دھمکیاں دی جارہی ہیں اور ان کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں اس پر عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ ورثاء کو مکمل فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ حکومت پنجاب کو حکم دیا ہے کہ تین رکنی پراسیکیوشن کی ٹیم مقرر کرکے مذکورہ مقدمے میں پولیس کی معاونت کی جائے اور اگلی سماعت پر عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 24 مارچ تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :