قومی اداروں کی نجکاری اور آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے لئے پریم یونین اور این ایل ایف کا 13مارچ کو لاہور میںآ ل پاکستان مزدور کنونشن کا اعلان

پیر 9 مارچ 2015 14:27

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) قومی اداروں کی نجکاری اور آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے لئے پریم یونین اور این ایل ایف نے 13مارچ کو لاہور میںآ ل پاکستان مزدور کنونشن کا اعلان کردیا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، پریم یونین کے مرکزی صدر حافظ سلمان بٹ اور این ایل ایف کے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی خطاب کریں گے۔

ملک بھر سے ریلوے ملازمین اور دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے مزدور اس میں شرکت کریں گے،فیصل آباد سے پریم یونین مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری ایک بڑے قافلہ کے ساتھ شرکت کریں گے۔ان خیالات کا اظہار خالد محمود چوہدری نے ریلوے اسٹیشن پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔۔خالد محمود چوہدری نے کہا کہ کسی کو بھی عوامی سرمائے پر موج مستی نہیں کرنے دیں گے،اب ملازمین نہیں بلکہ حکمرانوں کو قربانی دینا ہو گی،قومی اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے، آئندہ بجٹ میں ریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے کم ازاکم 50فیصد اضافہ نہ کیا گیا تو کراچی سے پشاور تک دما دم مست قلندر ہو گا، حکومت نے منافع بخش اداروں کی نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تھا تو ملک بھر سے مزدور اسلام آباد کا رخ کر لیں گے،حکومتی خسارہ پوراکرنے کے لئے قومی اداروں کو نج کاری کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے میں سیاسی بنیادوں پر بھرتی کی بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔ گزشتہ کئی برسوں سے ریلوے ملازمین کو ٹی اے اور گریجوٹی کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے جبکہ تعمیراتی فنڈز کے نام پر تنخواہوں سے پانچ فیصد ناجائز کٹوتی کی جارہی ہے،اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔ دورانِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کا جس پیکیج کا وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے پاکستان ریلوے میں فوری طور پر اس پر عمل درآمد کروایا جائے۔

متعلقہ عنوان :