کوہاٹ ، اسلحہ آرڈیننس اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درجنوں افراد گرفتار

پیر 9 مارچ 2015 14:27

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء ) کوہاٹ میں اسلحہ آرڈیننس اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ گرینڈ آپریشن میں ناجائز ہتھیاروں اور منشیات کا بڑا ذخیرہ قبضے میں لیکر4 افغان باشندوں اور دو اشتہاریوں سمیت 57 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔کریک ڈاؤن میں تعلیمی اداروں کو نظر ثانی شدہ جامع سیکیورٹی ایڈوائیزری جاری کر دی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش ،موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور لاؤڈ سپیکر کی بے جا استعمال پر دو ماہ کیلئے عائد پابندی پر عملدرآمد برقرار رکھنے کیلئے ضلعی پولیس نے مختلف مقامات پر کاروائیوں کے د وران پابندی کے باوجود اسلحہ ساتھ پھرانے کے جرم میں18 افراد کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر 5 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔دریں اثناء کوہاٹ شہر اور چھاؤنی کے علاوہ ضلع بھر کی مختلف دیہاتوں اور قبائلی پٹی کے سنگم پر واقع سرحدی علاقوں میں مشتبہ دہشت گردوں،روپوش اشتہاریوں اور غیر قانونی مقیم افغانیوں کی تلاش میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران4 افغان باشندوں اور 2 اشتہاریوں سمیت 57 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر مجموعی طور پر 4 ایس ایم اجی،6 شاٹ گن،5رائفل ،10 پستول،445 عدد مختلف بور کے کارتوس اور 5کلو گرام چرس برآمد کرلی گئیں۔

کریک ڈاؤن میں تعلیمی اداروں،کرایہ کے مکانات ،ہوٹلوں ،سٹوڈنٹس ہاسٹلوں اور رہائشی پلازوں کی نظر ثانی شدہ حفاظتی انتظامات کا از سر نو جائزہ لیا گیااور سیکیورٹی انتظامات میں موجود خامیوں کو فوری طور پردورکرنے کے حوالے سے جامع سیکیورٹی ایڈوائیزری جاری کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :