محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے فیصل آباد میں سینکڑوں دکانوں کو پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے پر سربمہر کردیا

پیر 9 مارچ 2015 13:29

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے فیصل آباد کے مختلف کاروباری علاقوں میں سینکڑوں دکانوں کو پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے پر سربمہر کردیا‘ محکمہ ایکسائز نے یہ اقدام گذشتہ رات 2 بجے کے بعد شروع کیا جو صبح 6 بجے تک جاری رہا۔ ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء“ کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے صوبہ بھر میں ٹیکس کی کم وصولی کے باعث وزیراعلی کی ہدایت پر پنجاب بھر میں ٹیکس وصولی کا آپریشن شروع کیا جبکہ اتوار کی چھٹی ہونے کے باوجود پنجاب بھر کے اضلاع کے ایکسائز دفاتر ہنگامی طور پر کھلے رہے اور محکمہ ایکسائز کے اعلی افسران نے ماتحت عملہ کو ہدایت کی کہ صبح 6 بجے تک ان دکانوں اور مکانوں کو سربمہر کردیا جائے جن کے ذمے پراپرٹی ٹیکس کی بقایا جات واجب الاداء ہیں۔

(جاری ہے)

”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء“ کو ترجمان محکمہ ایکسائز نے بتایا کہ انہوں نے واجبات کی وصولی کیلئے دکانوں اور مکانوں کے مالکان کو نوٹس جاری کررکھے تھے جن کی آخری تاریخ 12 مارچ بروز جمعرات مقرر تھی مگر محکمہ پنجاب کے اعلی افسران نے انہیں سختی سے ہدایت کی کہ نوٹس کی میعاد کی پرواہ کئے بغیر جن دکانوں اور مکانوں کو نوٹس بھجوائے گئے ہیں انہیں مقررہ تاریخ کا انتظار کئے بغیر سربمہر کردیا جائے چنانچہ محکمہ کے ملازمین نے اعلی حکام کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے گذشتہ نصف رات کے بعد سینکڑوں دکانوں‘ مکانوں اور بعض فیکٹریوں کو ٹیکس کی عدم ادائیگی کا بہانہ بناکر سربمہر کردیا جبکہ ٹیکس ادائیگی کی آخری تاریخ 12 مارچ بروز جمعرات مقرر کررکھی تھی۔

”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء“ کو دکانداروں اور بعض فیکٹری مالکان نے بتایا کہ 6 مارچ بروز جمعہ کی شام کو نوٹس تقسیم کئے گئے جبکہ بعض دکانوں پر محکمہ نے نوٹس چسپاں کئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہفتہ اور اتوار کو بینکوں کی چھٹی ہونے کی وجہ سے وہ ادائیگی نہ کرسکے کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ واجبات کی ادائیگی کی آخری تاریخ 12 مارچ مقرر ہے لیکن محکمہ نے یہ اقدام کرکے اپنی نااہلی کا ثبوت دیا بلکہ حکومت اور خادم اعلی پنجاب کیخلاف عوام میں نفرت میں پیدا کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔ بعض مقامات پر دکانداروں‘ فیکٹری مالکان اور گھروں کے مکینوں نے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔

متعلقہ عنوان :