ہمارے حکمران قومی خزانے کا اربوں روپیہ لوٹ کر سرمایہ بیرون ملک منتقل کررہے ہیں،ہم کرپٹ حکمرانوں کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کی جدوجہد کررہے ہیں، ملک میں 5فیصد کرپٹ ٹولے نے95فیصد عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے ،غریبوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے،ملک میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں ، عام آدمی بدترین معاشی مشکلات سے دوچار ہے،تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا اپنے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب

اتوار 8 مارچ 2015 23:05

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہمارے حکمران قومی خزانے کا اربوں روپیہ لوٹ کر سرمایہ بیرون ملک منتقل کررہے ہیں،ہم کرپٹ حکمرانوں کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کی جدوجہد کررہے ہیں، ملک میں 5فیصد کرپٹ ٹولے نے95فیصد عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے جس سے غریبوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے،ملک میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں اورعام آدمی بدترین معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔

وہ یہاں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی رائے حسن نواز خان کی رہائشگاہ پر اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں سے زراعت کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کاشتکار طبقہ شوگر ملزمافیا کے ظلم کاشکارہے،ملک میں95فیصد شوگر ملیں موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کی ہیں جوکاشتکاروں سے اونے پونے داموں گناخرید رہے ہیں اور ادائیگیاں بھی نہیں کی جارہیں،ملک میں فلورملزاور شوگر ملز کو تو اربوں روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے مگر کاشتکاروں کا کوئی پرسان حال نہیں،انہوں نے کہا صرف انتہا پسندی ہی دہشت گردی نہیں، میگا کرپشن بھی دہشت گردی کے زمرے میں آتی ہے،ہم قومی لٹیروں کو انکے منطقی انجام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں،ہم ملک میں ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جس میں غریب کیلئے سرکاری ملازمتوں کے دروازے کھول دئیے جائیں اور عام آدمی کو سماجی اور معاشی انصاف ملے،تقریب سے پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری،ایم این اے رائے حسن نواز خان،سابق ایم این اے رائے عزیز اللہ نے بھی خطاب کیا،سابق ایم این اے ریاض فتیانہ،ایم پی اے چودھری وحید اصغر ڈوگر،رائے مرتضیٰ اقبال اورسابق ایم پی اے حاجی جلال دین ڈھکو نے بھی تقریب میں شرکت کی۔