منڈی بہاؤالدین، پولیس ملازم نے 15سالہ لڑکے پر کتا چھوڑ دیا ، کتے کے کاٹنے سے لڑکا شدید زخمی

اتوار 8 مارچ 2015 21:55

منڈی بہاؤالدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 مارچ۔2015ء) منڈی بہاؤالدین کے علاقہ آہلی بوسال میں پولیس ملازم نے 15سالہ لڑکے پر کتا چھوڑ دیا ، کتے کے کاٹنے سے لڑکا شدید زخمی ، پولیس تھانہ ملک وال نے مقدمہ تو درج کر لیا لیکن اپنے پیٹی بھائی کیخلاف کاروائی نہیں کر رہی، والدین کی دہائی تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے علاقہ آہلی بوسال کا رہائشی خضر محکمہ پولیس نے ملازم ہے اور تحصیل کورٹس ملک وال میں تعینات ہے۔

متاثرہ لڑکے کے والد سرفراز نے میڈیا کو بتایا کہ خضر اس کا چچا زاد کزن ہے جس نے اس کی ڈیڑھ ایکڑ زمین دبا رکھی ہے جب اس سے زمین کی واپسی کا مطالبہ کرتا ہوں تو وہ مجھے پولیس تھانہ ملک وال کے ذریعے تنگ کرنا شروع کر دیتا ہے سرفراز نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل خضر نے پولیس کو بلوا کر میری لائسنسی بندوق پر ناجائز اسلحہ کا جھوٹا مقدمہ درج کروا کر جیل میں ڈلوا دیا چند ماہ جیل میں رہ کر ضمانت پر رہا ئی ملی۔

(جاری ہے)

اس نے کہا کہ اب گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں میرا بیٹا اس کے دروازے کے سامنے سے گذرنے لگا تو اس نے اپنا پالتو کتا اس پر چھوڑ دیا جس نے میرے بیٹے کو کاٹ کر زخمی کر دیا اس کے شور پر ہم میاں بیوی اور گاؤں کے لوگ باہر نکلے تو ملزم کتے کو لے اپنے گھر کے اندر چلا گیا تاہم اس دوران میرا بیٹا شدید زخمی ہو گیا ۔ پالیس تھانہ ملک وال نے بڑی مشکل سے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا لیکن پیٹی بھائی ہونے کی وجہ سے اس کیخلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی اب بھی ملزم تھانے میں ڈیوٹی کر رہا ہے اور اپنے خلاف درج مقدمہ کو ختم کروانے کے لیئے اپنا اثر رسوخ استعمال کر رہا ہے ۔

متاثرہ والد اور والدہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ پولیس کے ظلم پر اسے انصاف دیا جائے واقعہ کیخلاف متاثرہ لڑکے کے اہل خانہ اور دیہاتیوں نے احتجاج کیا متعلقہ تھانہ کے انچارج نے رابطہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ ملک وال انسپکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ وہ چھٹی پر گھر جا رہا ہے ملزم کیخلاف چالان عدالت میں پیش کر دیا ہے میں مزید کچھ نہیں کہہ سکتا ۔

متعلقہ عنوان :