وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے باعث جانی نقصان پر اظہار افسوس، انتظامیہ اور ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کا حکم ، بارشوں سے زخمی ہونے والے افراد کے علاج معالجے اور طبی بحالی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ مکانوں کی چھتیں گرنے سے بے گھر ہونے والے متاثرہ افراد کو حسب ضرورت عارضی ٹھکانے فراہم کرنے کا بھی بندوبست کیا جائے ،وزیر اعلی پرویز خٹک کی ہدایت

اتوار 8 مارچ 2015 21:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پشاور ، مینگورہ، کرک، ڈی آئی خان سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری موسلادھار بارشوں کے باعث ہونے والے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مزید کسی جانی یا مالی نقصان کے امکان کو کم سے کم کرنے کیلئے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے انکے مالی نقصان پر بھی وزیر اعلیٰ نے ہمدردی کا اظہار کیا ہے صوبے میں مزید بارشوں کے امکانات کے پیش نظر انہوں نے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے خصوصاً ہسپتالوں کے عملے کوخبردار کیا ہے کہ بارشوں سے زخمی ہونے والے افراد کے علاج معالجے اور طبی بحالی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ مکانوں کی چھتیں گرنے سے بے گھر ہونے والے متاثرہ افراد کو حسب ضرورت عارضی ٹھکانے فراہم کرنے کا بھی بندوبست کیا جائے اس سلسلے میں اُنہوں نے پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی پشاور کو بھی بارشوں کے متاثرین کی ہر ممکن امداد اور بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے متاثرہ اضلاع کے اراکین صوبائی اسمبلی سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ضلعی انتظامیہ ،ڈی ڈی ایم اے، محکمہ صحت اور دوسرے متعلقہ محکموں کی امدادی کاروائیوں کی نگرانی کریں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد کی فراہمی یقینی بنائیں۔