حافظ آباد،پاکستان ایکسپریس کا انجن خراب ہونے پرمسافروں کا ریلوے حکام کے خلاف شدید احتجاج،مسلم لیگ (ن) کے حامی مسافر ریلوے پلیٹ فارم پر دیگر مسافروں سے الجھ پڑے

اتوار 8 مارچ 2015 20:54

حافظ آباد،پاکستان ایکسپریس کا انجن خراب ہونے پرمسافروں کا ریلوے حکام ..

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 مارچ۔2015ء) راولپنڈی سے کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس کا انجن حافظ آباد ریلوے اسٹیشن پر خراب ہونے پرمسافروں کا ریلوے حکام کے خلاف شدید احتجاج،ریلوے پلیٹ فارم پر مسلم لیگ ن کے حامی مسافر دیگر مسافروں سے الجھ پڑے۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس جب حافظ آباد پہنچی تو ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کا انجن خراب ہو گیا،کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد مسافروں نے ریلوے حکام کیخلاف شدید احتجاج کیا اور ریلوے اسٹیشن پر دھرنا دیا۔

اس دوران مسلم لیگ(ن) کے حامی مسافر اور دیگر مسافرایک دوسرے سے اُلجھ پڑے۔ مسافروں نے ریلوے حکام کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق باتیں کرنے میں تو سب سے آگے ہیں لیکن کارکردگی کے اعتبار سے اُن کا محکمہ سب سے پیچھے ہے،آج تک اُنہوں نے محکمہ ریلوے کی بہتری کیلئے کچھ بھی نہیں کیا، وزیر آباد فیصل آباد سیکشن پر پاکستان ایکسپریس واحد ٹرین ہے جو چوبیس گھنٹوں میں آتی اور جاتی ہے اور وہ بھی اپنے مقام پر پہنچنے کے دوران کئی بار خراب ہو جاتی ہے جس سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ انجن کی خرابی کے باعث ٹرین تاخیر کا شکار ہوئی تاہم متبادل انجن منگوا کر ٹرین کو روانہ کر دیا گیا ۔