اوکاڑہ ، ڈی پی اونے کسان اتحاد کے قافلوں کو لاہور اور اسلام آباد جانے سے روک دیا،قافلوں کو لے جانے کی کوشش میں پولیس کے ساتھ کسانوں کی جھڑپیں،پنجاب حکومت نے بہترین حکمت عملی پر ڈی پی او اوکاڑہ کو ساہیوال ضلع کا چارج بھی دے دیا،وزیر اعظم سے ملاقات کروا دی جائے ہم احتجاج کیلئے نہیں جاتے،کسانوں کا مطالبہ

اتوار 8 مارچ 2015 20:54

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 مارچ۔2015ء) ڈی پی اوکاڑہ نے کسان اتحاد کے قافلوں کو لاہور اور اسلام آباد جانے سے روک دیا،قافلوں کو لے جانے کی کوشش میں پولیس کے ساتھ کسانوں کی جھڑپیں۔پنجاب حکومت نے بہترین حکمت عملی پر ڈی پی او اوکاڑہ کو ساہیوال ضلع کا چارج بھی دے دیا۔ہماری وزیر اعظم سے ملاقات کروا دی جائے ہم احتجاج کے لئے نہیں جاتے،کسانوں کا مطالبہ۔

ڈی پی او نے اعلیٰ حکام تک مطالبہ پہنچا دیا۔تفصیلات کے مطابق کسان اتحاد ضلع اوکاڑہ کے کارکن لاہور اور اسلام آباد میں اپنے مطالبات کے حق میں جانا چاہتے تھے۔تاہم گزشتہ شب حساس اداروں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسان اتحاد اوکاڑہ کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا جائے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے بہترین کارکردگی اور حکمت عملی کی وجہ سے ڈی پی او اوکاڑہ کیپٹن (ر) محمد فیصل رانا کو ضلع ساہیوال کا چارج بھی دے دیا وہاں پر ابھی تک سابق ڈی پی او خرم علی شاہ کے کورس پر جانے کے بعد نیا ڈی پی او تعینات نہیں کیا گیا۔

حکومت کی ہدائت پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ میٹنگ کے فیصلوں پر عمل در آمد کرتے ہوئے ڈی پی او اوکاڑہ نے سا ہیوال اور اوکاڑہ کے اضلاع سے قافلوں کی صورت میں لاہور اور اسلام آباد جانے والے کسان اتحاد کے قافلوں کو روک دیا آگے جانے کی کوشش میں بعض مقامات پر کسان اتحاد کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔اسی دوران ڈی پی او اوکاڑہ کے ساتھ کسان اتحاد کے راہنماوٴں کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں کسان اتحاد کیی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ انکی ابھی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کنفرم کروا دی جائے تو وہ آگے نہیں جائیں گے۔

ڈی پی او اوکاڑہ نے یہ مطالبہ اعلیٰ حکومتی عہدیداران تک پہنچا دیا۔ڈی پی او اوکاڑہ کا کہنا ہے کہ کسان اتحاد کے مطالبات کا تعلق براہ راست حکومت سے ہے لیکن کسی کو احتجاج کے نام پر روڈ بلاک کرنے ،توڑ پھوڑ یا معاشرتی امن کے لئے خطرہ نہیں بننے دیا جائے گا۔آخری اطلاعات آنے تک کسان اتحاد کے قافلے آگے جانے جبکہ پولیس انہیں روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ڈی پی او اوکاڑہ فیصل رانا کی کامیاب حکمت عملی کی وجہ سے پولیس تصادم سے بچتے ہوئے کسان اتحاد کے قافلوں کو روکنے میں کامیاب ہے۔