کراچی میں پولیس و رینجرز کی کارروائیاں،5ملزمان ہلاک،3گرفتار

ہلاک ملزمان قتل ،بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی 30 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے،ایس ایس پی سٹی

اتوار 8 مارچ 2015 15:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے ساتھ مقابلے میں 5 ملزمان ہلاک جبکہ 3 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ ایس ایس پی سٹی فدا حسین کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا،جس کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3 ملزمان ہلاک ہو گئے۔

ملزمان کی شناخت عبدالرحمان عرف لمبا، سبحان عرف گرنیڈ اور علی شان کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی سٹی نے دعوی کیا کہ ہلاک ملزمان قتل ،بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی 30 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک آوان بم کا لانچر،16آوان بم،ایس ایم جی گن اور 9 ایم ایم پسٹل برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے ناظم آباد نمبر 2 میں رینجرز کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا، جس کے قبضے سے پستول بھی برآمد ہوا ہے جبکہ سہراب گوٹھ میں انڈس پلازہ کے قریب رینجرز کے ساتھ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا،دونوں ملزمان کی لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم ان کی شناخت نہیں ہوسکی،پیرآباد میں مبینہ پولیس مقابلہ میں زخمی ملزم نہال جبکہ اس کے ساتھی فواد کوگرفتار کرلیا گیا،گرفتار ملزم کے قبضے سے منشیات، اسلحہ اور پاپوش نگر کے علاقے سے چھینی گئی موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔

عید گاہ پولیس نے چشتیہ کالونی میں کاروائی کرکے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔