حکومت سندھ عزیرجان بلوچ کو مطلوب قرار دلانے میں ناکام

سندھ حکومت کوعزیر بلوچ واقعی مطلوب ہے تو سزا یافتہ ہونے کے واضح ثبوت فراہم کریں یواے ای حکام

اتوار 8 مارچ 2015 13:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) حکومتِ سندھ عزیرجان بلوچ کو مطلوب قرار دلانے میں ناکام ہوگئی ہے اور دبئی حکام نے دستاویزی ثبوت بھی مسترد کر د ئیے ہیں،میڈیا رپورٹ کے مطابق مبینہ ملزم عزیرجان بلوچ کو حکومت سندھ مطلوب ملزم قرار نہ دلا سکی جبکہ دبئی حکام نے مزید ثبوت مانگ لئے ہیں۔واضح رہے کہ کالعدم پیپلزامن کمیٹی کا سربراہ عزیربلوچ بلوچستان کے راستے بیرون ملک فرار ہوا تھا۔

عزیر جان بلوچ کو جعلی پاسپوٹ کے استعمال پر گرفتار کیا گیا توپولیس افسران پر مشتمل ٹیمیں عزیر بلوچ کو وطن لانے کیلئے بلند بانگ دعوے کرتی ہوئی دبئی روانہ ہوئیں تاہم ملزم کو لیے بغیر واپس آگئیں۔امارات حکام کے مطابق عزیر بلوچ کے خلاف ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیے گئے ہیں اگر سندھ حکومت کوعزیر بلوچ واقعی مطلوب ہے تو اس کے سزا یافتہ ہونے کے واضح ثبوت فراہم کریں۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے دبئی حکام کو دی گئی دستاویزات وزارت خارجہ سے تصدیق شدہ نہیں جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے بھی پولیس حکام کو مکمل طور پر ریکارڈ فراہم نہیں کیا جاسکا جس کے باعث دبئی کی عدالت نے ملزم کی حوالگی کے لیے ریکارڈ کو ناکافی قرار دے دیا ہے۔دوسری جانب عزیر بلوچ کی گرفتاری کے لیے جانے والے پولیس افسران کے ویزوں کی معیاد بھی ختم ہونے کو ہے جب کہ دیگر پولیس افسران پہلے وطن واپس لوٹ چکے ہیں

متعلقہ عنوان :