ملک بھر میں سردی کی لہر پھر لوٹ آئی، گرم ملبوسات کے استعمال میں اضافہ ،برفباری سے نظام زندگی مفلوج

محکمہ موسمیات کی مختلف علاقوں میں موسلادھاربارش کی مزید پیش گوئی، مری کے خوبصورت مناظر کو برف کی موتیوں نے اپنی آغوش میں لے لیا، ٹھٹھرنے والی سردی کے باعث سیاحوں کا گھروں کا رخ کرنا ،رابطہ سڑکوں پر برف ہونے کے باعث شہریوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، مانسہرہ میں برفباری کے باعث شاہراہ قراقرم اور اوگی سے بٹگرام جانے والی سڑک ٹریفک کے لئے بند، لواری ٹنل دیر اور چترال سائیڈ پر مختلف مقامات پر برفانی تودے گرنے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں

اتوار 8 مارچ 2015 12:27

اسلام آباد/مری /گلگت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء ) ملک بھر میں مسلسل بارش کی وجہ سے سردی کی لہر ایک بار پھر لوٹ آئی ، ملکہ کوہسار مری کے خوبصورت مناظر کو برف کی موتیوں نے اپنی آغوش میں لے لیا، ٹھٹھرنے والی سردی کے باعث سیاحوں نے گھروں کا رخ کرنا شروع کردیا، رابطہ سڑکوں پر برف ہونے کے باعث شہریوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جبکہ بجلی کا نظام بھی متاثرہوا۔

خیبر پختونخوا میں مالم جبہ، کالام اور مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ مانسہرہ میں برفباری کے باعث شاہراہ قراقرم اور اوگی سے بٹگرام جانے والی سڑک ٹریفک کے لئے بند ہو گئی۔ چترال میں بھی برفباری نے سردی کو بڑھا دیا ۔

(جاری ہے)

لواری ٹنل دیر اور چترال سائیڈ پر مختلف مقامات پر برفانی تودے گرنے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔

شمالی بلوچستان کے بالائی علاقوں زیارت، کان مہترزئی، کوہ سلیمان میں وقفے وقفے سے برفباری ہوئی۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں موسم سرما کی بارش اورژالہ باری نے موسم کے مزاج کو بدل دیا جبکہ دیگر شہروں میں بھی سردی بڑھ گئی۔ سندھ کے مختلف شہروں میں بھی ٹھنڈی ہواوں اور آبر آلود موسم نے سردی کی شدت کو بڑھا دیا ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں غذر اور استور سمیت مختلف علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔

قبائلی علاقے پاراچنار سمیت ایجنسی بھر میں وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری سے وسطی کرم کے پہاڑی علاقوں میں آمد و رفت کے راستے بند ہوگئے ۔ خیبر ایجنسی اور ملحقہ قبائلی علاقوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، بارش کی وجہ سے سردی کی لہر لوٹ آئی ہے۔ شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال بڑھا دیا ہے۔ ملکی بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا جب کہ مری پارہ چناراور مالم جبہ میں 2 سے 3 انچ برفباری بھی ہوئی جبکہ مظفرآباد اور گلیات میں لینڈ سلائڈنگ کے باعث اہم سڑکیں ٹریفک کے لئے بند کردی گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخواہ ،پنجاب اور سندھ کے بیشترپہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ گزشتہ روز بھی بیشترعلاقوں میں بارش موسلا دھار بارش کی ریکارڈ کی گئی۔ پارا چنار میں 67،پشاور میں43، جیکب آباد میں 25 کوئٹہ،مالم جبہ میں 10،ملتان اور بہاولپور میں7، بھکراورڈی جی خان میں 5 اورلاہور میں 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ آئندہ مزید 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :