تین نئے پولیو کیسز ، ملک میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 16ہوگئی

اتوار 8 مارچ 2015 12:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء ) قومی ادارہ صحت کی پولیو وائرلوجی لیبارٹری میں تین مزید کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں رواں برس اب تک پولیو کیسز کی تعداد سولہ تک پہنچ گئی ۔وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز عہدیدارکے مطابق نئے کیسز بلوچستان کے لورالائی، سندھ کے ضلع دادو اور خیبرپختونخوا کے صدر مقام پشاور میں سامنے آئے ۔

ان کیسز کا سامنے آنا حیرت انگیز ہے کیونکہ موسم سرما کے دوران پولیو وائرس کم درجہ حرارت کے باعث کم سرگرم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

سال 2015 کے دوران پولیو کے سات کیسز کے پی، پانچ فاٹا اور دو، دو سندھ اور بلوچستان میں رپورٹ ہوئے ۔چار مارچ کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستانی شہریوں پر بین الاقوامی سفری پابندیوں کی مدت میں مزید تین ماہ کی توسیع کا اعلان کیا تھا کیونکہ ملک " پولیو وائرس برآمد" کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔گزشتہ سال پانچ مئی کو ڈبلیو ایچ او نے پاکستانی شہریوں پر بیرون ملک سفر سے قبل کم از کم انسداد پولیو ویکسین لینا لازمی قرار دینے کا اعلان کیا تھا، حکومت کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ مسافروں کو ویکسینیشن کے سرٹیفکیٹ جاری کرے۔

متعلقہ عنوان :