پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان 60 ،40 فارمولے کا علم نہیں ‘ پارٹی قیادت نے ایم کیو ایم سے بات چیت کا اختیار رحمان ملک کو دیا ہے‘ بلدیاتی نظام پر ایم کیو ایم کے ساتھ 100 فیصد اتفاق رائے نہیں ہوسکتا‘ مثبت باتوں پر عمل کیا جائے گا، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی حیدرآباد میں شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 7 مارچ 2015 22:18

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان 60/40 فارمولے کا انہیں علم نہیں ہے‘ پارٹی قیادت نے ایم کیو ایم سے بات چیت کا اختیار رحمان ملک کو دیا ہے‘ بلدیاتی نظام پر ایم کیو ایم کے ساتھ سو فیصد اتفاق رائے نہیں ہوسکتا‘ مثبت باتوں پر عمل کیا جائے گا‘ وہ رانی باغ حیدرآباد میں شجرکاری مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے‘ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ملک میں فوجی اور سیاسی قیادت ایک نقطے پر متفق ہیں اور ہر حال میں ملک میں امن وامان کو یقینی بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں‘ فوجی قیادت جمہوریت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتی ہے‘ انہوں نے کہا کہ پولیس‘ رینجرز‘ فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیز ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا چاہتی ہیں‘ ایپیکس کمیٹی میں سندھ حکومت پر کوئی چارج نہیں لگایا گیا‘ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان 60/40 فارمولے کا انہیں علم نہیں ہے‘ پارٹی نے رحمان ملک کو ایم کیو ایم سے بات چیت کا مینڈیٹ دیا ہے اور وہ مذاکرات کرکے ایم کیو ایم کی ڈیمانڈ پارٹی قیادت سے پہنچائیں گے‘ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ موجودہ چیف سیکریٹری کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے اس لئے انہیں ہٹانے کے احکامات دیئے مگر وزیر اعظم نے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا ہے‘ وفاقی حکومت کا کام نہیں ہے کہ وہ صوبائی معاملات میں مداخلت کرے‘ اس معاملے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے رابطہ کیا ہے اُمید ہے وہاں سے بہتری نکل آئے گی‘ شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے تمام جماعتوں سے رابطے میں ہے‘ سینیٹ میں پیپلزپارٹی کے اعداد و شمار بہتر ہیں اور کوشش ہے کہ سینیٹ میں موجود جماعتوں کی مشاورت سے کوئی امیدوار لایا جائے‘ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی قانون پر ایم کیو ایم کے ساتھ سو فیصد اتفاق رائے نہیں ہوسکتا‘ بات چیت کے دوران ایم کیو ایم کی مثبت باتوں پر عمل کیا گیا ہے‘ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں الیکشن کمیشن نے کرنی ہیں سندھ حکومت انتخابات کے لئے تیار ہے۔