حلقہ این اے122کا عوامی مینڈیٹ میرے پاس ہے،سردار ایاز صادق

ہفتہ 7 مارچ 2015 17:56

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حلقہ این اے122کا عوامی مینڈیٹ میرے پاس ہے،عمران خان جوں جوں میرے خلاف درخواستیں دے رہے ہیں، ہر گنتی میں میرے ووٹ بڑھتے جا رہے ہیں عمران خان اب اگر میرا بلڈ ٹیسٹ ، سٹی سکین، بائیو میٹرک تصدیق اور ایم آر آئی بھی کروانا چاہتے ہیں تو حاضر ہوں، شکست عمران خان کا مقدر ہے اور انہیں ذلت اور رسوائی کا سامنا ہوگا۔

وہ کٹاس راج ضلع چکوال میں تیس رہائشی کمروں کے ایک بڑے کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ تقریب کی صدارت چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق نے کی جبکہ تقریب سے وزیر مملکت مذہبی امور امین الحسنات، بھارتی ہائی کمشنر سی راگوان، رکن قومی اسمبلی میجر طاہر اقبال اور اظہر سلہری نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے ہندو ، سکھ، بدھ مت اور عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے چیدہ چیدہ لوگ موجود تھے۔ سردار ایاز صادق سپیکر نے اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہوچکی ہے ۔ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں، کیونکہ عوام کی شرکت کے بغیر ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ آج امن اور محبت کا پیغام ہندوؤں کے مقدس مقام کٹاس راج سے بھی دیا جا رہا ہے کہ پاکستان سب کا ہے اور یہاں پر بسنے والے ہر مذہب اور مسلک کے لوگ اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مکمل طور پر آزاد ہیں، چیئرمین صدیق الفاروق نے بتایا کہ مذکورہ رہائشی کمپلیکس ریکارڈ چار ماہ کے عرصہ میں تیس جون تک مکمل کر لیا جائے گا اور زیادہ رہائشی سہولتوں سے ہم ہندوستان کے 2000یاتریوں کا خیر مقدم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

بھارتی ہائی کمشنر سی راگوان نے بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ کٹاس راج کو محفوظ کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر معین مسعود، قائم مقام ڈی سی او میڈم شریں ناز، اسسٹنٹ کمشنر چوآسیدنشاہ ثمینہ سیف نیازی، ایم پی اے مہوش سلطانہ، چیئرمین پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود، سابق اقلیتی ضلع کونسلر روندر کمار اور چکوال میں ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :