ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ نے الخدمت فاؤنڈیشن کو 70 لاکھ روپے کی آلات جراحی اور سپلائز فراہم کر دیئے

ہفتہ 7 مارچ 2015 16:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء)2010ء سے پاکستان بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کو میڈیکل سپلائرز فراہم کرنے میں مصروف عمل معروف فلاحی ادارے ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ نے ان کائنڈگفٹس پروگرام کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخواکو70لاکھ روپے مالیت کے آلات جراحی اور دیگر میڈیکل آلات فراہم کر دیئے جن میں بیڈز ‘ آلات جراحی ‘ہسپتال میں استعمال ہونے والے فرنیچر‘ آپریشن اور موذی امراض کی تشخیص کیلئے لیبارٹریوں میں استعمال ہونے والی مہنگی اشیاء کے علاوہ دوسری بنیادی اشیاء شامل ہیں۔

اس سلسلے میں ہارون انٹرپرائیزز کی سبزہ زار میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت الخدمت فاوٴنڈیشن کے صوبائی صدر نورالحق نے کی تقریب کے مہمان خصوصی ہیپنگ ہینڈ پاکستان کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹرڈاکٹرالیاس سیدتھے،تقریب میں الخدمت فاوٴنڈیشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری شاکر صدیقی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری فضل اللہ داودزئی،منیجر میڈیا نورالواحدجدون ،ضلعی صدر ملک پرویز خان، ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے ان کائنڈ پروگرام کے انچارچ ساجد اقبال اور میڈیا کوآرڈینیٹر عابد علی بخاری اور دیگر ذمہ داران نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الیاس سید اور نورالحق نے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ ان کائنڈگفٹس پروگرام کے تحت2010سے پاکستان بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کو میڈیکل سپلائرز فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سارا کام بلا رنگ و نسل اور مذہبی امتیاز کے بغیر خالص انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ہم پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہسپتالوں میں اربوں روپے کی مالیت کا سامان تقسیم کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی فلاح کے لیے نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہیلپنگ ہینڈ پاکستان بھر میں صحت کی بحالی کے لیے اہم کردارادا کر رہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان ہسپتالوں کا انتخاب کرتے وقت اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ یہ ہسپتال لوگوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کر رہے ہوں۔اب تک ایک سو سے زیادہ سرکاری اور نجی مراکزِصحت کو ہیلپنگ ہینڈ کے اس پروگرام کے تحت میڈیکل کی اشیاء فراہم کی جا چکی ہیں۔

ان اشیاء کی فراہمی کا مقصد پاکستان بھر میں ہسپتالوں کی حالت زارکو بہتر بنا کر صحت عامہ کے معیار کوبلندکرنا ہے۔ ان اشیاء کا براہ راست فائدہ ملک کے غریب ‘ نادار اور حق دار طبقے کو پہنچے گا جس سے ان کا معیار زندگی بلند ہوگا۔اس موقع پر الخدمت فاوٴنڈیشن کے صوبائی صدر نور الحق اور ضلع پشاور کے صدر ملک پرویز خان نے الخدمت فاوٴنڈیشن کے ساتھ تعاون کرنے پر ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔