حکومت کو معیشت ،دہشت گردی اور توانائی بحرانوں کا سامنا ہے لیکن قائدین اس کے باوجودعوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں،چودھری گلزار احمد گجر

ہفتہ 7 مارچ 2015 14:58

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء)ایم پی اے چودھری گلزار احمد گجر نے کہا کہ حکومت کو معیشت ،دہشت گردی اور توانائی بحرانوں کا سامنا ہے لیکن قائدین اس کے باوجودعوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے رائے ونڈ کو ماڈل سٹی بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے چاروں طرف ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جارہا ہے ۔

رائے ونڈ شہر سمیت پسماندہ آبادیوں کی کوئی گلی اور سڑک کچی نہیں رہے گی ۔وہ ان خیالات کا اظہار رائے ونڈ ،سندر اور مانگا کو ملانے والے بائی پاس برہان پورہ روڈ کے افتتاح پر کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر دفتر کو جلد فنکشنل کردیا جائے گا ۔جس کے بعد فائر بریگیڈ ،ایمبولینس سروس ،سلاٹر ہاؤس ،جنرل بس سٹینڈ ،اور ایل ٹی بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی ۔

(جاری ہے)

پولیس کو غیر قانونی ویگن سٹینڈ اور کم سن آٹو رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدائت کردی ہے ۔مقامی طور پر صحت و تعلیم کے مسائل حل کرکے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مشن اور عوام کو نچلی سطح پربنیادی سہولیات پہنچانا اولین ترجیح ہے ،حکومت اسی سال بلدیاتی الیکشن کرائے گی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے الزامات سے ہمیں اپنی کارکردگی مزید بہتر کرنے کا موقع ملتا ہے ۔

اس موقع پر مسلم لیگی رہنما چیف کوآرڈی نیٹر چودھری جاوید اقبال گجر،صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ میاں آصف شہزاد ،عاصم خان عاصی ،کوآرڈی نیٹر ایجوکیشن میاں محمد سعید ،افتخارالحسن راجا ، چودھری اکرم گجر،رانا خضر حیات ،فاروق اعظم،حنیف لنڈا ،شوکت مدنی ،حاجی محمد اعظم خاں ،میاں عبدالغفار ،منصور بھٹی ،حاجی اکبر انصاری ،چودھری محمد طارق ،نیامت لکھا سمیت درجنوں کارکن موجود تھے ۔دریں اثناء انہوں نے کارکنوں کے ہمراہ جنرل سیکرٹری پریس کلب صحافی آصف نعیم شیخ کے دفتر میں انکے والد الحاج محمد یوسف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔