Live Updates

سنیٹ انتخاب میں تحریک انصاف نے ن لیگ کو ووٹ دیئے، پرویز خٹک کا اعتراف

جمعہ 6 مارچ 2015 22:51

سنیٹ انتخاب میں تحریک انصاف نے ن لیگ کو ووٹ دیئے، پرویز خٹک کا اعتراف

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6مارچ۔2015ء) تحریک انصاف کا سونامی بھی مفاہمت کی لہروں میں بہہ گیا۔ عمران خان کے دعوے دھرے رہ گئے ۔ کے پی کے میں تحریک انصاف کے ایم پی ایز نے ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دیئے۔ پرویز خٹک نے اعتراف کر لیا۔کے پی کے اسمبلی میں سینٹ الیکشن کے نتائج سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ تحریک انصاف اور ن لیگ نے خفیہ معاہدے کے تحت سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ٹیکنو کریٹ کی نشست پر ن لیگ کے جاوید عباسی کو پی ٹی آئی کے ووٹ پڑے۔

تحریک انصاف کے ارکان نے دوسری ترجیح میں جاوید عباسی کو ووٹ دیئے جس کی وجہ سے ان کو چالیس ووٹ حاصل ہوئے۔ دوسری طرف ن لیگ ارکان نے پی ٹی آئی کی خواتین اور اقلیتی نشستوں کے امیدواروں کو دوسری ترجیح ووٹ دیئے جس کی وجہ سے ٹیکنو کریٹ کی سیٹ ن لیگ اور خواتین کی ایک سیٹ اور اقلتیی سیٹ پر تحریک انصاف کو کامیابی ملی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے اعتراف کیا کہ کچھ نہ کچھ ہوا ضرور ہے۔

ایک طرف پرویز خٹک کا اعتراف ہے جبکہ اس کے برعکس چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے صاف صاف کہا تھا وہ کسی کو ووٹ نہیں دیں گے۔ اب خان صاحب بتائیں کیا آپ سے بالا بالا ہی معاہدہ ہوا یا آپ بھی اس میں شریک تھے ۔ دوسری جانب جے یو آئی، پیپلز پارٹی اور اے این پی کا اتحاد بھی رنگ لے آیا۔ پیپلز پارٹی کے خانزادہ خان نو ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ایوان میں پیپلز پارٹی کے ممبران کی تعداد صرف پانچ ہے۔

سب سے بڑا اپ سیٹ قومی وطن پارٹی کے عمار احمد خان کی شکست ہے۔ عمار احمد خان کو آٹھ ووٹ ملے جبکہ قومی وطن پارٹی کے ایم پی ایز کی تعداد دس ہے۔ پانچ نشستوں والی پیپلز پارٹی تو اپنے سیٹ لے اڑی لیکن دس ایم پی ایز کی موجودگی کے باوجود قومی وطن پارٹی کو دو ووٹ کم ملنے کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات