یو این او ڈی سی کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے ، یو این او ڈی سی کے پاکستان کیلئے آئندہ سالانہ پلان کے دوران نیب کا نقطہ نظر تمام سٹیک ہولڈرزکو پہنچایا جا ئے گا، نیب کی قومی سطح پر نیب کی انسداد بدعنوانی سرگرمیوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی ، یو این او ڈی سی ، اے سی اے جی، اقوام متحدہ کے نمائندوں، غیر ملکی مشن کے نمائندے 10مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والی مشترکہ انسداد بدعنوانی واک میں شرکت کریں گے ، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد جرائم ومنشیات کے نمائندے سیزار گوئیڈیس کی وفد کے ہمرا ہ چیئرمین نیب سے ملاقات میں یقین دہانی

جمعہ 6 مارچ 2015 22:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6 مارچ۔2015ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد جرائم ،منشیات و بدعنوانی (یو این او ڈی سی )نے نیب کی جانب سے کرپشن سے نمٹنے کیلئے کوششوں اور خصوصی طور پر لوگوں میں کرپشن کے برے اثرات کے بارے میں شعور پیدا کرنے کیلئے آگاہی مہم کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ یو این او ڈی سی کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے اور توقع ہے او ر یو این او ڈی سی کے پاکستان کیلئے آئندہ سالانہ پلان کے دوران نیب کا نقطہ نظر تمام سٹیک ہولڈرزکو پہنچایا جا ئے گا اور قومی سطح پر نیب کی انسداد بدعنوانی سرگرمیوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی ، یو این او ڈی سی ، اے سی اے جی، اقوام متحدہ کے نمائندوں، غیر ملکی مشن کے نمائندے 10مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والی مشترکہ انسداد بدعنوانی واک میں شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اقوام متحدہ کے انسدا د منشیات، جرائم اور بدعنوانی کے دفتر کے ایک وفد نے یو این او ڈی سی کے نمائندہ سیزار گوئیڈیس نے یہاں نیب ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری سے ملاقات کی۔ وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن اندرونی کیسز ہے جو معاشروں پر وسیع پیمانے پر خطرناک طریقے سے اثر انداز ہوتا ہے، یہ قانون کی حکمرانی اور ترقی کے عمل کو نقصان پہنچاتا ہے اور یہ معاشرے میں منظم جرائم کی آماجگاہ اور نظام میں خامیوں کا تسلسل بنتا ہے اور اس سے تنزل آتا ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن کے خلاف جدوجہد سے ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دی کہ صرف عملدرآمد ہی اکیلا کرپشن کا علاج نہیں، اس کیلئے آگاہی، بچاؤ اور عملدرآمد پر مشتمل سہ جہتی حکمت عملی کے تحت مربوط اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ملک بھر میں کرپشن اور بدعنوانی کی سرگرمیوں سے نمٹنے کیلئے سہ جہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے کرپشن کے خلاف دن کے موقع ایوان صدر میں انسداد بدعنوانی سیمینار کا انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ حکومت اعلیٰ ترین سطح پر بھی کرپشن کو جانچنے کیلئے پر عزم ہے۔ مزید برآں”کرپشن کو نہ کہو“ کے پیغام پر مبنی ٹکٹ کا اجراء، آئیسکو کے چوبیس لاکھ بلوں پر پیغام کی اشاعت، اس پیغام کے ساتھ پاکستان ہاکی اور قومی کرکٹ ٹیم کی تصاویر، پی آئی اے کی تمام پروازوں کے ذریعے پھیلانے لیسکو، گیپکو، فیسکو اور ایس این جی پی ایل کی جانب سے بلوں پر تمام ڈرائیونگ لائسنسوں پر پیغام کی اشاعت کرپشن کے خلاف ہمارے زیروبرداشت کے عزم اور کوششوں کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل اور پلڈاٹ کی پاکستان میں کرپشن کی شرح میں کمی کے حوالے سے رپورٹس نیب کی بڑی کامیابیوں کی گواہی ہیں۔ چیئرمین نیب نے یو این او ڈی سی کے پروگرام برائے 2016سے 2018میں انٹی کرپشن کے ایجنڈے سمیت یو این او ڈی سی اور نیب کی مشترکہ کوششوں کے مستقبل کے روڈ میپ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ نیب اس سلسلے میں یو این او ڈی سی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے والا ہے۔

اس موقع پر یو این او ڈی سی کے وفد کے سربراہ سیسر گوئیڈز نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور یو این او ڈی سی نیب کے ساتھ تعاون کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد بدعنوانی ایک بہت بڑا ہدف ہے، انہوں نے کرپشن سے نمٹنے کیلئے کوششوں اور خصوصی طور پر لوگوں میں کرپشن کے برے اثرات کے بارے میں شعور پیدا کرنے کیلئے آگاہی مہم کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ یو این او ڈی سی کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے اور توقع ہے کہ یو این او ڈی سی کے پاکستان کیلئے آئندہ سالانہ پلان کے دوران نیب کا نقطہ نظر تمام سٹیک ہولڈرزکو پہنچایا جا ئے گا اور قومی سطح پر نیب کی انسداد بدعنوانی سرگرمیوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے یو این او ڈی سی اور اے سی اے جی، اقوام متحدہ کے نمائندوں، غیر ملکی مشن کے نمائندوں کی دس مارچ کو ایوان صدر میں ہونے والی مشترکہ انسداد بدعنوانی واک میں شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی۔