راولپنڈی ‘شہر بھر میں پتنگ بازی کا سلسلہ دھڑلے و دیدہ دلیری سے جاری ،اونچی آواز میں میوزک اور ہوائی فائرنگ منچلوں کا پسندیدہ مشغلہ رہا ‘راولپنڈی پولیس حسب معمول کارروائی سے گریزاں رہی

جمعہ 6 مارچ 2015 19:56

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6 مارچ۔2015ء) شہر بھر میں جمعہ کو پتنگ بازی کا سلسلہ دھڑلے و دیدہ دلیری سے جاری رہا ،اونچی آواز میں میوزک اور ہوائی فائرنگ بھی منچلوں کا پسندیدہ مشغلہ رہا ،راولپنڈی پولیس حسب معمول کارروائی سے گریزاں رہی ، نما ز جمعہ کی ادائیگی کے دوران بھی اونچی آواز میں میوزک بجتا رہا ،مذہبی راہنماؤں اور نمازیوں کی حکومت پر شدید تنقید ،مساجد کے لاؤڈ سپیکرز بند کروا دیئے گئے تاہم شیطانی کھیل کھیلنے والوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں تھانہ آر اے بازار ،تھانہ صدر بیرونی ،تھانہ ریس کورس ،تھانہ صادق آباد ،تھانہ ایئرپورٹ ،تھانہ نصیر آباد سمیت متعدد تھانوں کی حدود میں جمعرات کی شب اور جمعہ کو دن بھر پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا اور بو کاٹا کی آوازیں بلند ہوتی رہیں ،جمعرات کو رات گئے تک پتنگ بازی ،اونچی آواز میں میوزک اور ہوائی فائرنگ سے شہریوں کی نیند اڑ گئی ،تھانہ آر اے بازار ،تھانہ صدر بیرونی ،تھانہ ریس کورس ،تھانہ صادق آبادسمیت دیگر تھانوں کی حدود میں جمعرات کی شب اور جمعہ کو دن بھر بوکاٹا ہوتا رہا اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے پتنگ بازی پر عائد پابندی کو ہوا میں اڑا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے بے ہودہ گانوں اور فائرنگ کے واقعات پر غم وغصے کا اظہار کیا اور راولپنڈی پولیس کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی نہ کرنے پر تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کی برطرفی کا مطالبہ کیا ۔بعض شہریوں نے کہا کہ پنجاب میں سینیٹ الیکشن جیتنے کی خوشی میں مسلم لیگ ن نے پتنگ بازی کے ذریعے جشن منایا اور نوجوانوں کو پتنگ بازی سے نہ روکنے اور وزیر اعلی کے احکامات کی خلاف ورزی کے پولیس کو ٹاسک دیا گیا ۔

ٹنچ بھاٹہ کے علاقے خیابان میراں بخش ،ظہور کار پارکنگ ،فیصل کالونی ،ڈھوک سیداں روڈ ،کلمہ چوک ،ہارلے سٹریٹ ،ڈھیری حسن آباد ،نورانی محلہ ،عابد مجید روڈ ،کیانی روڈ ،اسلم مارکیٹ ،مصریال روڈ ،چکری روڈ ،دھمیال روڈ ،قائد اعظم کالونی ،لالہ رخ کالونی ،بہار کالونی ،صادق آباد ،و دیگر متعدد علاقوں کے رہائشیوں نے پتنگ بازی پرپابندی کی کھلم کھلا خلاف ورزی کو حکومتی رٹ ناکام ہونے کا شاخسانہ قرار دیا اور کہا کہ مساجد میں لاؤڈ سپیکرز کے استعمال پر تو پابندی کا بھرپور طریقے سے نفاذ کروایاجاتا ہے تاہم شیطانی تہوار و کھیل کو منانے کی کھلی چھٹی دے دی گئی ۔

بسنت کے حوالے سے شہر میں اڑتی پتنگوں اور ناچ گانے کو کسی بھی ٹی وی چینل نے مثبت انداز میں پیش نہیں کیا بلکہ اسے تنقیدی اندازمیں پیش کیا اورمیڈیا نے بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بسنت کے تہوار کی کسی بھی طرح سے کوریج نہیں کی جسے شہریوں نے سراہا اور کہا کہ میڈیا عوام کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے

متعلقہ عنوان :