کینٹ اسٹیشن ، بکنگ کے لیے آنے والوں سے بھی پلیٹ فارم ٹکٹ وصولی شروع

جمعہ 6 مارچ 2015 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) کراچی کینٹ اسٹیشن پر پلیٹ فارم ٹکٹ کا ٹھیکہ حاصل کرنے والے ٹھیکیدار نے بکنگ کے لیے آنے والوں سے بھی پلیٹ فارم ٹکٹ کی وصولی شروع کردی ہے ۔ٹھیکیدار نے پلیٹ فارم ٹکٹوں میں خسارے کے بعد کینٹ اسٹیشن کے داخلی دروازے پر پلیٹ فارم ٹکٹ وصولی کے لیے اپنے بندے بٹھادیئے ہیں جو اسٹیشن آنے والوں سے پارکنگ کے ساتھ ساتھ پلیٹ فارم ٹکٹ کی مد میں 10روپے وصول کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ریلوے حکام نے معاملے پر خاموشی اختیار کرلی ہے ۔ذرائع کے مطابق پلیٹ فارم ٹکٹوں سے خاطر خواہ آمدنی نہ ہونے کے بعد محکمہ ریلوے نے اس کا ٹھیکہ سالانہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے میں ایک ٹھیکیدار کے حوالے کردیا ہے ۔تاہم ذرائع کے مطابق جب اسٹیشن سے ٹھیکیدار کو پلیٹ فارم ٹکٹوں کی وصولی کم ہونے لگی تو اس نے اپنے بندوں کو کینٹ اسٹیشن کے مرکزی داخلے راستے پر بٹھادیا ہے جہاں وہ پارکنگ کی وصولی کے لیے بیٹھے افراد کے ساتھ مل کر پلیٹ فارم ٹکٹ کی مد میں 10روپے وصول کررہے ہیں ۔