ایک ہفتہ میں سیکیورتی بہتر بنائی جائے بصورت دیگر رجسٹریشن منسوخ کر دی جائیگی، وزارت کیڈ کی تعلیمی ادارون کو وار ننگ

جمعہ 6 مارچ 2015 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) پرائیویٹ و سرکاری سکولز و کالجز میں سیکیورٹی انتظامات مکمل نہ ہونے پر وزارت داخلہ کی ہدایت پر وزارت کیڈ نے تعلیمی ادارون کو وار ننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہفتہ میں سیکیورتی بہتر بنائی جائے بصورت دیگر رجسٹریشن منسوخ کر دی جائیگی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ پر وزارت داخلہ نے کیڈ ڈویژن کو آگاہ کیا ہے کہ پرائیویٹ و سرکاری تعلیمی ادارے اب تک نیشنل ایکشن پلان کے مطابق سیکیورٹی انتظامات مکمل نہیں کر پائے ہیں۔

بیشتر سرکاری سکولز و کالجز میں دیواریں ٹوتی ہوئی اور گیٹ پر چوکیدار و مالی تعینات ہیں جنکو سیکیورٹی سے متعلق کچھ بھی معلوم نہیں ہے۔ وزارت داخلہ نے خفیہ اداروں کی رپورٹ پر وزارت کیڈ کو آگاہ کیا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے سیکیورٹی سے بالکل نابلد ہیں اور وہ کسی صورت نیشنل ایکسن پلان پر عملدرآمد کرتے نظر نہیں آتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پرائیویٹ اور سرکاری سکولز و کالجز کی سیکیورٹی سے متعلق بتایا ہے کہ خدشہ ہے کہ سیکیورٹی نہ ہونے پر کوئی سانحہ رونما نہ ہو جائے۔

وزارت داخلہ کی ہدایت پر کیڈ ڈویژن نے فوراً ایکشن لیتے ہوئے پرائیویٹ سکولز کے سربراہوں و مالکان کو ہدایت کی ہے کہ سات دن کے اندر وہ سیکیورٹی معاملات درست کر لیں بصورت دیگر انکی رجسٹریشن منسوخ کی جائیگی کیڈ ڈویژن نے مراسلہ فیڈرل بورڈ کو بھی جاری کیا ہے کہ وہ چیک سسٹم کو مزید بہتر بناتے ہوئے تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور سیکیورٹی پر خصوصی نظر رکھیں۔

فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کو کیڈ ڈویژن نے آگاہ کیا ہے کہ فی الفور سرکاری سکولز و کالجز میں سیکیورٹی انتظامات بہتر بنائے جائیں تاکہ ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔ علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا ہے کہ کیڈ ڈویژن نے سکولز و کالجز کی دیواریں اونچی اور نئی بنانے سے وزارت خزانہ کو لیٹر بھی تحریر کیا ہے کہ انہیں بجٹ دیا جائے تاکہ دیواروں کی مرمت بروقت کی جا سکے۔