گلگت بلتستان کے عوام اور (ن) لیگی کارکنوں کی توقعات پر پورا اُترنے کی بھرپو رکوشش کروں گا، گورنر گلگت بلتستا ن برجیس طاہر کا گورنر ہاؤس میں (ن) لیگی کارکنوں سے خطاب

جمعہ 6 مارچ 2015 17:05

گلگت ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) گورنر گلگت بلتستا ن برجیس طاہر نے کہا ہے کہ میں گلگت بلتستان کے (ن) لیگی کارکنوں کی دُعاوں سے گورنر بنا ہوں ، اُن کی توقعات پر پورا اُترنے کی بھرپو رکوشش کروں گا ، بحثیت گورنر میرا کام وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ویژن کے مطابق چینی تعاون سے 32 ارب ڈالر کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچنے کی کوشش کروں گا ، ہم نے پونے دو سال میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت سے زیادہ فنڈز گلگت بلتستان کو فراہم کئے۔

میاں نواز شریف کے دور حکومت میں ہی شونٹر پاس ، گلگت سکرود روڈ کی تکمیل ہو گی۔ اور پاک چین راہدادری، دیامر بھاشا ڈیم پر کام تیزی سے شروع ہوگا۔ اور گلگت بلتستان میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ جلد ہی میاں شریف گلگت بلتستان کا دورہ کر کے نلتر 16 میگا واٹ کا افتتاح کرینگے ۔

(جاری ہے)

لوڈشیڈنگ کے جاری بحران پر قابو پانے کے لئے ایک ہفتے کے اندر 15 کروڑ صوبائی حکومت کو جاری کئے جائیں گے۔

وہ جمعہ کو یہاں گورنر ہاؤس میں (ن) لیگی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں کرپشن عروج پر تھی، گورنر عوامی کام کو چھوڑ کر اپنے لئے پیسہ بناتا رہا۔ ہم نے سابق دور حکومت میں گندم کا بحران حل کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کی مدد کی۔بعض لوگ مقامی اور غیر مقامی کی تقریق پیدا کر کے سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ میں اُن سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ قمر زمان کائرہ کا تعلق استور سے تو نہیں تھا۔

موجودہ نگران وزیر اعلیٰ کانام مہدی شاہ اور حاجی جانباز نے دیا تھا۔ اب عوام کو مذید بیوقوف نہیں بنایا جائے۔ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) گلگت بلتستان سے کلین سویپ کر یئگی۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کے بعد بحیثیت گو رنر تنخواہ نہیں لوں گا اور گورنر آفس میں موجود 95 ملازمین کو اُن کے محکموں میں واپس بھیج دوں گا۔ اس موقع پر پارلیمانی سکرٹیری برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان حامد حمید نے کہا ہے کہ میں مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جہنوں نے سابق دور حکومت میں مظالم برداشت کئے۔

میاں نواز شریف نے ہمیشہ وفادار ساتھوں پر اعتماد کیا۔ جو غدار تھا اور ہے وہ نواز شریف کا دوست نہیں۔دریں اثناء گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر کی گلگت آمد کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی اورمجلس وحدت مسلمین نے یوم سیاہ منایا اور گورنرکے روٹ پر احتجاج کیا۔ جمعے کے روز پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عہداداروں نے بے نظیر چوک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا جبکہ ایم ڈبلیو ایم نے رقص چوک پر احتجاج کیا اور گو نواز گو کے نعرے اور سیاہ جھنڈے لگائے۔ بر جیس طاہر کی آمد پر شہر کی مختلف مقامات پر احتجاجی کلمات دیواروں پر رات گئے لکھے گئے تھے جو انتظامیہ نے فوری طور پر صاف کر دیئے اور گورنر کے روٹ پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :