Live Updates

ملک کو درپیش بحرانوں ، درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تحریک انصاف کا کردار قابل تقلید ہے

سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کا تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہزاد وسیم کے اپنے اعزاز میں عشائیے سے خطاب پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین، دیگر پارٹی رہنماوٴں اور مختلف ملکوں کے سفیروں کی عشائیے میں شرکت

جمعہ 6 مارچ 2015 17:05

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء ) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے ، اقتصادی بحران اور دیگر مشکلات سے عہدہ برآ ہونے کے لیے پاکستان تحریک انصاف سنجیدہ اور مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ اپنے اعزاز میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پوری دیانت داری اور بھرپور انداز میں ملک اور عوام کو درپیش مشکلات کا جلد، قابل قبول اور دیر پا حل تلاش کرنے کے لیے جو کوششیں کر رہی ہے وہ دوسری سیاسی جماعتوں کے لیے بھی قابل تقلید ہیں۔

عشائیے میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین ، سینئر پارٹی رہنماوٴں ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات سمیت مختلف ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

چودھری سرور نے مزید کہا کہ کسی ایک سیاسی جماعت یا ادارے کے لیے یہ ممکن نہیں کہ وہ ملک کو درپیش معاشی ، سیاسی بحرانوں اور سیکورٹی خدشات سے نجات دلا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، اشتراک کاروں اور قومی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک کے ساتھ اُن کی گفتگو میں انہوں نے بھی تحریک انصاف کی کاوشوں کو سراہا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پی ٹی آئی عوام کی خواہشات کی صحیح معنوں میں ترجمانی کرتے ہوئے اُن کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینئر رہنما ڈاکٹر شہزاد وسیم کا تقریب کے سب شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ چوہدری محمد سرور کی پارٹی میں شمولیت سے پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ کے ساتھ اسے مزید تقویت حاصل ہوئی ہے۔ اُنہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں پارٹی مزید کامیابیاں سمیٹے گی اور ملکی سیاست ، قومی و عوامی مسائل کے حل اور پاکستان کو خطے اور بین الاقوامی سطح پر ایک امن پسند، ترقی یافتہ ملک کے طور پر متعارف کروانے میں کردار ادا کرے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات