ضمنی الیکشن میں شکست واضح دیکھ کر مزید لوگوں کی خریدوفروخت کیلئے ن لیگ، پیپلز پارٹی نے الیکشن دو ہفتے آگے کردیا، چودھری محمد سرور

جمعہ 6 مارچ 2015 16:46

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں اپنی واضح شکست دیکھ کر مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے الیکشن دو ہفتے آگے کردیا ہے تاکہ وہ مزید لوگوں کی خرید و فروخت کر سکیں۔ میرپور کے لوگ گائے، بھینس بکریاں نہیں بلکہ باغیرت اور باضمیر ہیں۔ انہیں خریدا نہیں جا سکتا۔ اگر 29مارچ کو الیکشن نہ ہوا تو تحریک انصاف آزادکشمیر کے علاوہ پورے پاکستان میں احتجاج کرے گی۔

25مارچ کو عمران خان میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرنے آرہے ہیں۔ اگر الیکشن ملتوی ہوا تو پھر بھی عمران خان میرپور میں آئیں گے۔ الیکشن ملتوی ہونے کی صورت میں عمران خان یہاں آکر وہ احتجاج کریں گے کہ کرپٹ حکمرانوں کے 14طبق روشن ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور آزادکشمیر کے حکمرانو پی ٹی آئی کا جوش دیکھ لو اور اس جوش میں چھپی ہوئی اپنی شکست بھی دیکھ لو۔

29مارچ میرپور سے پارے پاکستان میں یہ پاکستان جائے گا کہ میرپور کے لوگ انقلاب کی بنیاد رکھنے والے پہلے لوگ ہیں۔ ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد ہماری اصل جنگ شروع ہوگی۔ اگلے سال پی ٹی آئی الیکشن جیتے گی اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزادکشمیر کے وزیراعظم ہونگے۔ ہم اقتدار میں آکر انصاف پرمبنی معاشرہ قائم کریں گے۔ تین فیصد حکمرانوں سے دولت چھین کر 87فیصد لوگوں میں تقسیم کریں گے۔

اس الیکشن کو پی ٹی آئی کے نوجوان جہاد اور تحریک سمجھیں۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری محمد سرور نے پی ٹی آئی میرپور کے مرکزی انتخابی دفتر میں پی ٹی آئی کے نوجوانوں کے بہت بڑے کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی آزادکشمیر کے چیف آرگنائزر چوہدری ظفر انور، انصاف یوتھ ونگ آزادکشمیر کے مرکزی صدر چوہدری عباس رضا، ضلعی صدر قمر چوہدری، صدر بھمبر چوہدری آصف ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پرآزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہئوے کہا حکمران ضمنی انتخابات سے بھاگنے کے مواقع ڈھونڈ رہے ہیں۔ حکمرانوں کو سونامی کی لہروں میں اپنی شکست فاش نظر آرہی ہے۔ 29مارچ کی کامیابی کے بعد سونامی کی لہریں پورے آزادکشمیر میں پھیل جائیں گی۔ آزادکشمیر کے اندر ظلم اور ناانصافی کرنے والے حکمران بہت جلد ماضی کا قصہ بن جائیں گے۔ ہم اپنے قائد عمران خان کے سیاسی ویژن کو لے کر آزادکشمیر کے اندر فلاحی حکومت قائم کریں گے۔ تحریک انصاف کے کارکن، آئی ایس ایف کے جیالے، انصاف یوتھ ونگ کے متوالے میدان عمل میں اتر آئیں اور انتخابی مہم کو ہنگامی بنیادوں پر چلائیں۔