اتحاد تنظیمات مدارس کا حکومت پر کریک ڈاؤن کا الزام

جمعہ 6 مارچ 2015 16:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ پاکستان نے حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ جب تک مدارس کے خلاف کریک ڈاؤن نہیں رک جاتا اس وقت تک کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آ سکتے۔ انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں اتحاد مدارس اور حکومت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے جس میں رجسٹریشن‘ آڈٹ اور مدارس کے نصاب جیسے معاملات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اتحاد مدارس نے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف سے میٹنگ کے دوران ان مدارس کی فہرست مانگی گئی جو دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ اتحاد مدارس کے عہدیدار قاری حنیف جالندھری کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ ان کے مذاکرات صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ حکومت کی صفوں میں کچھ عناصر ہیں جو بات چیت کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں حکومت کو ان عناصر سے چھٹکارا پانا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے مدارس کے خلاف کریک ڈاؤن بند نہ کیا تو یہ ایک بے سود عمل ثابت ہو گا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر سردار یوسف کا کہنا ہے کہ حکومت کا مدارس کے خلاف کریک ڈاؤن کا کوئی ارادہ نہیں۔