وزیر اعظم نواز شریف کا حالیہ دورہ پاک سعودی تعلقات میں ایک نیا باب ثات ہو گا، دونوں ممالک کے دیرینہ، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات باہمی تعمیر و ترقی کے نئے راستے کھولیں گے‘ شاہ کا کابینہ سمیت وزیراعظم کا استقبال کرنا نئی روایت تھی

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی کی سعودی عرب سے واپسی پر بات چیت

جمعہ 6 مارچ 2015 16:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران وفد میں شامل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کا حالیہ دورہ پاک سعودی تعلقات میں ایک نیا باب ثات ہو گا، دونوں ممالک کے دیرینہ، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات باہمی تعمیر و ترقی کے نئے راستے کھولیں گے۔

وہ جمعہ کو سعودی عرب سے واپسی پر بات چیت کر رہے تھے۔ عرفان صدیقی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلاشبہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کاولی عہد اور کابینہ کے سینئر ارکان کے ہمراہ ہوائی اڈے پر وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کرنا اپنی نوعیت کی نئی روایت ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز پاکستان کے ساتھ گہرے مراسم کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

عرفان صدیقی نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے وسائل اور صلاحیتیں دونوں ممالک کا مشترکہ اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کا یہ دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے باہمی تعلقات بلکہ خطے میں امن و استحکام کیلئے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ اس دورے کی علامتی اہمیت ہے اور آنے والے دنوں میں باہمی دلچسپی کے معاملات کو ٹھوس تعمیری شکل دینے کیلئے وفود کے باہمی تبادلے ہوں گے۔