سینیٹ الیکشن میں کھوتا ٹریڈنگ زلزلہ کے آفٹر شاکس بلوچستان ‘خیبر پی کے میں سیٹ اپ کو اپ سیٹ کرنے کا باعث بنیں گے، دیکھتے ہیں سینیٹ الیکشن کے نتائج خیبر پی کے اور بلوچستان میں تبدیلی کے کن نتائج کو جنم دیں گے تاہم اب یہ پوشیدہ نہیں رہا کہ سینٹ کے امیدواروں کو نامزد اور پھر منتخب کرنے والوں میں سے کون زیادہ فائدے میں رہا ہے

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد کی چھچھ میں صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 6 مارچ 2015 16:15

کوئٹہ/حضرو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں کھوتا ٹریڈنگ کے ذریعے آنے والے زلزلہ کے آفٹر شاکس کافی دیر تک خیبر پختونخوا و بلوچستان کے سیاسی اداروں اور سیٹ اپ کو اپ سیٹ کرنے کا باعث بنیں گے، عمران خان کو ان کے پیٹی بند باوٴلر نے کیا سمجھ کر 15کروڑ کی رشوت آفر کی یہ جاننا ضروری ہے تاہم اس ”باوٴلر فیلو“ نے کروڑوں روپے بال ٹمپرنگ اور میچ فکسنگ کے ذریعے کمائے ہونگے جبکہ ورلڈ کپ کیلئے ان کا تازہ ترین داوٴ قوم کیلئے ایک گھاوٴ بن چکا ہے ، وفاق میں نفاق کا شکار ہونے کے بعد وفاق کے ساتھ نفاق کرنے والوں کے قریب ہوئے اس لئے اب جے یو آئی وفاق میں نواز شریف اور نفاق میں زرداری کے قریب ہے، مولانا فضل الرحمن نے بعض اراکین اسمبلی کو بکروں سے تشبیہہ دیکر کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی بلکہ ان بے زبانوں کے استحقاق کو مجروع ہونے سے بچایا ہے جن کا گوشت کھانا حرام ہے،وہ چھچھ کے دیہات ہارون میں جے یو آئی کے بانی رہنما سید حسن شاہ اور جے یو آئی مڈ لینڈ برطانیہ کے جنرل سیکرٹری سید فیض الحسن شاہ کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ،سینئر صحافی نثار علی خان، جے یو آئی کے رہنما ریاض شاہ، ظہور احمد شاہ، ظہیر الحسن شاہ، عثمان علی شاہ، محفوظ احمد شاہ، شفیق احمد، حافظ فرقان اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں، حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ دیکھتے ہیں سینیٹ الیکشن کے نتائج خیبر پی کے اور بلوچستان میں تبدیلی کے کن نتائج کو جنم دیں گے تاہم اب یہ پوشیدہ نہیں رہا کہ سینٹ کے امیدواروں کو نامزد اور پھر منتخب کرنے والوں میں سے کون زیادہ فائدے میں رہا ہے، انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کے بکنے کے بعد ہی صوبے میں تبدیلی آ سکتی ہے لیکن یہ 2چھوٹے صوبوں کی تبدیلی مستقبل قریب میں قومی تبدیلی کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے ، ایک سوال پر جے یو آئی کے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان تبدیلی کو چھوڑ کر چند ”شریفوں“ کی تعریف و تعارف میں مصروف ہیں، ایک شریف آدمی نے انہیں 15کروڑ کی پیشکش کی جس کا وہ نام نہیں لے سکتے غالباً ان کے اس ”باوٴلر فیلو“ کروڑوں روپے بال ٹمپرنگ اور میچ فکسنگ کے ذریعے کمائے ہونگے جبکہ ورلڈ کپ کیلئے ان کا تازہ ترین داوٴ قوم کیلئے ایک گھاوٴ بن چکا ہے،دوسرے تھرڈ امپائرکی بھی تعریف کی گئی جس نے حالات اور دعوت کے باوجود انگلی اوپر نہیں اٹھائی،تیسرے وہ نواز شریف جو بقول عمران خان دھاندلی کے پیدوار تھے 22ویں ترمیم کیلئے وہ بھی قابل تعریف قرار پائے اس طرح عمران خان نے ”شریفوں“ کی ہیٹرک مکمل کر لی،انہوں نے کہا کہ تین شریفوں میں سے ایک شریف بیت الله شریف پہنچ گئے جس سے معلوم کیا جا سکتا ہے کہ 21ویں ترمیم کے تانے بانے کہاں اور کتنے گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔