راولپنڈی زمین قبضہ کیس‘ دواراکین پارلیمنٹ کیخلاف مقدمہ درج

جمعہ 6 مارچ 2015 14:31

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) راولپنڈی پولیس نے زمین قبضہ کیس میں خیبرپختونخوا کے ایک سینیٹر اور رکن قومی امسبلی کو نامزد کردیا تاہم سیاسی دباؤ کی بناء پر ملزموں کو پکڑنے میں ناکام ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ملزمان ابھی تک دندناتے پھر رہے ہیں اور سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کی تحریری اجازت کے بغیر ان کو ہاتھ بھی نہیں لگاسکتے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایک خاتون نشتہ بی بی نے پولیس تھانہ ایئرپورٹ میں رپورٹ درج کراتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ہائیکورٹ روڈ پر قیمتی زمین کا قطعہ خریدا جس پر اراکین پارلیمنٹ بلال الرحمن اور ہلال الرحمن نے قبضہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جعلی کیس میں اس کے خاوند کو بھی جیل میں بند کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس سے اپیل کی کہ وہ قبضہ مافیا کیخلاف رپورٹ درج کرکے گرفتار کرے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ ایس آئی محمد ارشد کا کہنا ہے کہ اس کیس کے سلسلے میں ایک تفتیشی افسر کو مقرر کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ تفتیش کیلئے دونوں سیاستدانوں کو کال بھی نہیں کی جاسکتی۔ دریں اثناء سپریم کورٹ کے وکیل سردار عصمت اللہ خان نے بھی کہا ہے کہ جو کوئی بھی جرم کا ارتکاب کرے گا اور اس کیخلاف ایف آئی آر درج ہوگی تو اسے ملکی قانون کے مطابق گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :