وزیراعظم کی روضہ رسول پر حاضری ‘مدینہ منورہ آمد پر ایئر پورٹ پر گورنر مدینہ اور دیگر اعلیٰ سعودی حکام نے استقبال کیا،

مسجد نبوی میں نماز عشاء اور نوافل کی ادائیگی‘ مسجد نبوی آمد پرپاکستانی وزیر اعظم کے گرد جمع ہو گئے‘محبت اور وابستگی کا اظہار کیا، حالات تیزی سے بہتر ہورہے ہیں ‘جلد ملکی حالات میں نمایاں تبدیلی نظر آئیں گی‘ حکومت امن و امان کی بہتری ‘ توانائی بحران کے خاتمہ سمیت دیگر تمام مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے‘ وزیر اعظم کی پاکستانی تارکین وطن سے گفتگو، وزیراعظم اور وفد کے ارکان کی روضہ رسول پرملکی ترقی‘ سلامتی اور خوشحالی کیلئے الله کے حضور گڑگڑا کر اشکبار آنکھوں سے دعائیں ، وزیراعظم دورہ سعودی عرب مکمل کر کے مدینہ منورہ سے ہی (آج)واپس وطن پہنچ جائیں گے

جمعہ 6 مارچ 2015 00:24

مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 مارچ۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف جو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب کے 3 روزہ دورہ پر ہیں جمعرات کو عمرہ کی ادائیگی کے بعد شام کو روضہ رسول پر حاضری کیلئے مدینہ منورہ پہنچے۔ مدینہ منورہ آمد پر وزیر اعظم کا ایئر پورٹ پر گورنر مدینہ اور دیگر اعلیٰ سعودی حکام نے استقبال کیا۔

وزیر اعظم نے وفد کے ہمراہ نماز عشاء مسجد نبوی میں ادا کی اور نوافل ادا کئے۔ مسجد نبوی میں وزیر اعظم کی آمد کے موقع پربڑی تعداد میں پاکستانی بھی موجود تھے۔پاکستانیوں کی بڑی تعداد وزیر اعظم کے گرد جمع ہو گئی او ران سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔ اس موقع پرسعودی عرب میں مقیم بہت سے پاکستانیوں نے وزیراعظم کو ملکی حالات پر اپنے ضطراب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے آنے والی بہت سی منفی خبروں کی وجہ سے وہاں یہاں پریشان رہتے ہیں جس پر وزیراعظم نے انہیں حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ حالات تیزی سے بہتر ہورہے ہیں کچھ عرصے میں ملکی حالات میں نمایاں تبدیلی نظر آئیں گی‘ حکومت امن و امان کی بہتری ‘ توانائی بحران کے خاتمہ سمیت دیگر تمام مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو ملک کیلئے ان کی خدمات کو سہراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی دن رات کی محنت سے ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ کماتے ہیں ۔ وہ ملک کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے تمام پاکستانیوں سے کہا کہ وہ الله تعالیٰ کے حضور سربسجود ہو کر وطن عزیز کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔ وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان نے بھی روضہ رسول پرپاکستان کی ترقی‘ سلامتی اور خوشحالی کیلئے الله کے حضور گڑگڑا گڑگڑا کر اشکبار آنکھوں سے دعائیں کیں۔ وزیراعظم دورہ سعودی عرب مکمل کر کے مدینہ منورہ سے ہی وطن واپس روانہ ہو کر(آج) جمعہ کو وطن واپس پہنچ جائیں گے۔