جمعیت علماء پاکستان کراچی کا کراچی میں مسلسل جاری ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ، اسٹریٹ کرائمزاور دیگر جرائم میں اضافے پر شدیدتشویش کا اظہار

جمعرات 5 مارچ 2015 23:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5 مارچ۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان کراچی کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی، سینئرنائب صدر مفتی رفیع الرحمٰن نورانی، جنرل سیکریٹری مفتی بشیرالقادری نورانی ودیگر نے کراچی میں مسلسل جاری ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ، اسٹریٹ کرائمزاور دیگر جرائم میں اضافے پر شدیدتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ حکومت امن وامان کے قیام میں مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے، کراچی میں لاقانونیت اور دہشتگردی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، نااہل انتظامیہ اور پولیس کا کردار محض ایک تماشائی جیساہوکر رہ گیاہے،ایسالگتاہے کہ کراچی میں جنگل کاقانون نافذ ہے جہاں طاقت ہی سب کچھ ہے، ایسے بدترین حالات میں پولیس فورس میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت ہے، کراچی کے نامساعد حالات کافوری تقاضاہے کہ امن کے قیام کے لئے کہنہ مشق، فرض شناس،ایمانداراور دیانتدار پولیس افسران کی تقرری کی جائے۔

(جاری ہے)

جے یوپی رہنماؤں کا کہناہے کہ دیگر پولیس افسران کے مقابلے میں ماضی قریب میں سردارعبدالمجید دستی ایک فرض شناس،نڈراور بہادرپولیس افسر کی حیثیت سے کارکردگی انجام دے چکے ہیں، جن پر شہرکی پولیس فورس اور کراچی کے اسٹیک ہولڈرز بھی اعتماد کرتے ہیں،اگر سردارعبدالمجید دستی کو ایڈیشنل آئی جی پولیس مقررکرکے کراچی میں امن امان کی ذمہ داری سونپی جائے تو امید ہے کہ نہ صرف دہشتگردی کی وارداتوں اور اسٹریٹ کرائمز میں یقینی کمی واقع ہوگی ، جس سے پولیس فورس پر کراچی کے شہریوں کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔