سینٹ کا موجودہ الیکشن مکمل طور پر متنازعہ اور ناقابل قبول ہے ، بابر اعوان،

الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد قانون ہے کہ کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی تو پھر یہ راتوں رات آرڈیننس کیسے جاری کردیا گیا، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 5 مارچ 2015 22:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 مارچ۔2015ء) پیپلزپارٹی کے سینیٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ سینٹ کا موجودہ الیکشن مکمل طور پر متنازعہ اور ناقابل قبول ہے کیونکہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد قانون ہے کہ کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی تو پھر یہ راتوں رات آرڈیننس کیسے جاری کردیا گیا۔ جمعرات کے روز سینٹ الیکشن کے موقع پر پیپلزپارٹی کے سینیٹر بابر اعوان نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سینٹ الیکشن متنازعہ اور ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

تاریخ میں بھی اس کی مثال نہیں ملتی کہ آدھی رات کے وقت معلوم نہیں کس کے کہنے پر آرڈیننس جاری کردیا گیا۔ صدر نے آرٹیکل 25 کی توہین کی حالانکہ تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں لیکن فاٹا کو ہمیشہ ان کے حقوق سے دور رکھا گیا۔ ایک آدمی کے ایک ووٹ سے فاٹا الیکشن سبوتاژ ہوگیا۔ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد قانون ہے کہ کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی تو معلوم نہیں کہ یہ آرڈیننس کیسے عمل میں لایا گیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اگر الیکشن ہونا ہے تو آئین و جمہوریت کہاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :