رات کے اندھیرے میں صدارتی آرڈیننس لاکر ہارس ٹریڈنگ کی گئی ،پیپلز پارٹی

الیکشن شیڈول کے بعد قانون میں تبدیلی نہیں ہو ،سکتی،چیف الیکشن کمشنر کو فوری نوٹس لینا چاہیے ،سید خورشید شاہ، عمران نے آصف زرداری کو فون کیا اور سینیٹ الیکشن میں مدد مانگی ،اس کا چشم دید گواہ ہوں، رحمن ملک ، سینیٹ الیکشن اکثریت کی بنیاد پر جیتیں گے،جوشخص کچھ نہیں کر سکتا وہ دوسروں پر الزام لگاتا ہے،اویس مظفر ٹپی

جمعرات 5 مارچ 2015 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی میں حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں آرڈیننس لا کر ہارس ٹریڈنگ کر کے دکھا دی ،چیف الیکشن کمشنر کو فوری طور پر اس کا نوٹس لینا چاہیے ،یہ آرڈیننس غیر قانونی ہے اس کو تسلیم نہیں کرتے ،انہوں نے کہا کہ جہاں حکومت کو اپنے فائدہ کی بات نظر آتی ہے وہاں ترمیم لے آتی ہے،انہوں نے کہا کہ فاٹا والے پریشان ہیں جو الیکشن کمیشن گئے ہیں، الیکشن شیڈول آنے کے بعد قانون تبدیل نہیں ہو سکتا۔

سندھ اسمبلی کے باہر پی پی رہنما اویس مظفر ٹپی نے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی اکثریت کی بنیاد پر جیتے گی ،عمران خان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جوشخص کچھ نہیں کر سکتا وہ دوسروں پر الزام لگاتا ہے ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ہارس ٹریڈنگ کی مخالفت کی ہے ۔

(جاری ہے)

پی پی رہنما رحمن ملک نے سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی ہارس ٹریڈنگ کی مخالف رہی ہے اور ہمیشہ مخالفت کرتے رہیں گے ،ہارس ٹریڈنگ کے ثبوت ملنے پر بلا تفریق کارروائی ہونی چاہیے ،عمران نے کہا تھا کہ 15 کروڑ کی آفر کرنے والا چائنا کے ساتھ کاروبار کررہا ہے ،بڑاامیر آدمی ہے اور چلتی پھرتی چیز ہے لیکن عمران خان نے نام نہیں لیا،عمران خان پہلا پتھر پھینکیں اور سینیٹ ٹکٹ کیلئے 15 کروڑ روپے دینے والے کا نام بتائیں ،عمران نے آصف زرداری کو خود فون کر کے سینیٹ الیکشن میں مدد مانگی ہے اس کا میں چشم دید گواہ ہوں۔