پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود اس کے ثمرات عوام تک نہ پہنچنا حکومتی نااہلی اور بے حسی کی انتہا ہے،ممتازحسین سہتو

جمعرات 5 مارچ 2015 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتو نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود اس کے ثمرات عوام تک نہ پہنچنا حکومتی نااہلی اور بے حسی کی انتہا ہے،کچھ چیزوں کی قیمتوں میں کمی ضرورواقع ہوئی ہے مگر اس کا مکمل فائدہ عوام کو تاحال نہیں پہنچایا گیا ہے۔

مہنگائی، بدامنی اور بیروزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے۔

(جاری ہے)

ملک کے سب سے بڑی شہر کراچی میں امن وامان کی بدترین صورتحال اور حالیہ گیلپ سروے رپورٹ حکمرانوں کے تمام دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ ن لیگ کی تجربہ کار ٹیم نے پاکستانی قوم کو سخت مایوس کیا ہے۔مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی سمیت ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن اور قومی اداروں کی تباہی سے موجودہ حکومت سے وابستہ امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔

وفاقی اور صوبائی حکومتیں اگر اپنے اعلان کردہ انتخابی منشور پر بھی عمل کریں تو ملک وقوم کے کافی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔مگر حکمران اپنے ذاتی مفادات واقتدار کیلئے تو اکٹھے ہیں مگر عوام کو ریلیف دینے کیلئے متفق ہوکر اکٹھے بیٹھنے کیلئے ہرگز تیار نہیں ہیں جو کہ ان کی عوامی مسائل سے عدم دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔