مسابقانہ اور ترقیاتی صلاحیت کے بھر پور استعمال کیلئے قوموں کو صنفی مساوات کے اصولوں کو اپنانا ہو گا،محمد فاروق لغاری

جمعرات 5 مارچ 2015 21:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔5 مارچ۔2015ء)عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے سندھ سوشل سیکورٹی کے زیر اہتمام ولیکا ہسپتال میں ایک سمینار کا انعقاد ہوا۔ جس کا موضوع تھا "خواتین اور عدم تحفظ" اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی محمد فاروق لغاری کا کہنا تھا کہ مسابقانہ اور ترقیاتی صلاحیت کے بھر پور استعمال کیلئے قوموں کو صنفی مساوات کے اصولوں کو اپنانا ہو گا۔

کیونکہ کسی بھی ملک کی مسابقتی صلاحیت ناپنے کا ایک عام پیمانہ اس ملک میں بسنے والے لوگوں کی انسانی صلاحیت ہے جسمیں مہارتیں، تعلیم اور کارکنوں کی پیداواری صلاحیت جیسے عوامل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سیکورٹی اسکیم بھی خواتین محنت کشوں کے حقوق کا بھر پور تحفظ کرتی ہےَ شوہر کے انتقال کے بعد بیوی کو عدت کے مالی فائدہ کا تصور کسی اور معاشرے اورملک میں نہیں۔

(جاری ہے)

سمینار سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم وکلاء برائے انسانی حقوق و قانونی امداد کے بانی صدر ضیاء احمد اعوان ایڈوکیٹ نے کہا کہ خواتین کو چاہئے کہ وہ ظلم کو برداشت نہ کریں کیونکہ ظلم برداشت کرنے سے مزید پروان چڑھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نظروں کے Voilance کا سامنا خواتین کو ہر جگہ رہتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور خطہ کے دیگر ممالک میں خواتین سے زیادہ مردوں کے خیالات تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

مردوں کا ذہن بدلے گا تو خواتین تحفظ محسوس کریں گی۔ وائس کمشنر سیسی اختر حسین بگٹی نے کہا کہ آج کل ملازمت پیشہ خواتین گوں نہ گوں مسائل کا شکار ہیں جن میں روایتی و سماجی رویوں کا بڑا دخل ہے۔ آج کا سمینار یقینا تمام خواتین بالخصوص ملازمت پیشہ خواتین کو انکے حقوق سے آگاہ کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ ڈائریکٹر سیسی نشاط زیدی نے عالمی یوم خواتین کی افادیت اور سوشل سیکورٹی اسکیم میں خواتین محنت کشوں کو دےئے جانے والے فوائد سے آگاہ کیا۔