سندھ میں شفاف الیکشن کے ذریعہ ایک مرتبہ پھر عوامی نمائندوں نے پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

جمعرات 5 مارچ 2015 21:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔5 مارچ۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں شفاف الیکشن کے ذریعہ ایک مرتبہ پھر عوامی نمائندوں نے پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ ہم دھاندلی پر یقین نہیں رکھتے ہیں ۔ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ اپنے ووٹوں کی بنیاد پر کامیاب ہوئی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ انتخابات کے نتائج کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے شفاف ترین انتخاب میں یہ ثابت ہو گیا ہے کہ سندھ کے عوام اور نمائندے دھاندلی پر یقین نہیں رکھتے ہیں ۔ میں اس موقع پر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور متحدہ کے قائد الطاف حسین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ آج کی کامیابی جمہوریت کے لیے ہے اور ہم نے جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں ۔ سینیٹ کے انتخابات شفاف ہوئے ہیں ۔ یہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم اپنے ووٹوں کے بل بوتے پر کامیاب ہوئی ہیں ۔