سپریم کورٹ کی قانونی کتب کی عدم اشاعت اور غلط طباعت کے حوالے سے وزارت قانون و انصاف اور انسانی حقوق کو ہدایت ،

قانونی کتب کی طباعت میں اغلاط کی روک تھام کیلئے31 مارچ تک موثرمیکنزم اور قابل عمل طریقہ کارطے کیاجائے،تمام قوانین کی درست اشاعت و طباعت کو یقینی بنایاجائے ،صوبائی اور وفاقی قوانین کا قومی زبان میں ترجمہ کرنے کے لیے مترجمین کی ٹیم ترتیب دے کر معیاری ترجمے کو یقینی بنایاجائے ، عدالت عظمیٰ کا فیصلہ

جمعرات 5 مارچ 2015 21:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔5 مارچ۔2015ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے قانونی کتب کی عدم اشاعت اور غلط طباعت کے حوالے سے وزارت قانون و انصاف اور انسانی حقوق کو ہدایت کی ہے کہ قانونی کتب کی طباعت میں اغلاط کی روک تھام کیلئے31 مارچ تک موثرمیکنزم اور قابل عمل طریقہ کارطے کیاجائے  تمام قوانین کی درست اشاعت و طباعت کو یقینی بنایاجائے صوبائی اور وفاقی قوانین کا قومی زبان میں ترجمہ کرنے کے لیے مترجمین کی ٹیم ترتیب دے کر معیاری ترجمے کو یقینی بنایاجائے۔

جمعرات کو جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس مقبول باقر پرمشتمل تین رکنی بینچ نے مقدمہ کے حوالے سے عدالتی فیصلہ پرعملدرآمد کے متعلق کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت کی جانب سے جاری فیصلہ میں کہا گیا کہ ابتدائی طور پر یہ معاملہ از خود نوٹس کے تحت اُٹھایا گیا تھا بعدازاں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور بار کونسلوں کواس حوالے سے نوٹسز جاری کئے گئے تا کہ اغلاط سے پاک قانونی کتب کی طباعت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں موثر طریقہ کار وضع یا قانون سازی کی جائے کیونکہ کسی بھی حکومت کی اولین ذمہ داری اس اَمر کو یقینی بناناہوتاہے کہ شہریوں کو تمام نافذ العمل قوانین تک قابلِ فہم زبان رسائی حاصل ہو۔

عدالت نے وزارتِ قانون کوہدایت کی کہ قانونی کتب کی اغلاط پرمشتمل طباعت کو روکنے کیلئے قابلِ نفاذ طریقہٴ کار ترتیب دیاجائے اوراس سلسلے میں وفاق میں قانونی کتب کی درست طباعت کیلئے رواں ماہ کے آخر تک جبکہ خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں14 مارچ تک نگرانی کے ماہرین کا تقرر عمل میں لایاجائے اور ان کی سرگرمیوں کی تفصیلات اورطباعت کی تکمیل حتمی تاریخوں تک یقیقنی بنائی جائے۔

ماہرین کی کارکردگی کا جائزہ بھی عدالتِ کے علم میں لایاجائے‘ وفاق اور متعلقہ صوبائی محکمے قوانین کی درست اور مستند اشاعت کو یقینی بنائیں اس کے ساتھ خصوصی نوٹس کے ذریعیعوام کوآگاہ او مصنفین وناشرین کو متنبہ کیاجائے کہ ناقص طباعت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ صوبائی اور وفاقی قوانین کا قومی زبان میں ترجمہ کرنے کے لیے مترجمین کی ٹیم ترتیب دے کر معیاری ترجمے کو یقینی بنایاجائے۔ عدالت نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی سیکرٹریوں کو مزید ہدایت کی کہ وہ تحریری طورپرعدالت کویقین دہانی کرائیں کہ طباعت کاکام مقررہ مدت میں مکمل کرلیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :