آئرلینڈ کی دورہ پاکستان میں دلچسپی

جمعرات 5 مارچ 2015 20:56

آئرلینڈ کی دورہ پاکستان میں دلچسپی

ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5مارچ۔2015ء) کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹو وارن ڈیوٹروم نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جنوری میں رابطہ کرکے پاکستانی سرزمین کے دورے کی توقعات کو بحال کیا گیا ہے۔ پاکستان میں مارچ 2009 میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے کوئی بھی بین الاقوامی سیریز منعقد نہیں ہوسکی ہے۔ آئرلینڈ نے پہلے بھی دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا تھا مگر اس پر تبادلہ خیال گزشتہ سال جون میں اس وقت تعطل کا شکار ہوگیا جب کراچی ایئرپورٹ پر ایک دہشت گرد حملہ ہوا۔

وارن ڈیوٹروم نے تسلیم کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات کے حوالے سے کسی بھی ممکنہ دورے سے قبل نظرثانی کی جائے گی تاہم انہوں نے اپنی اس خواہش کی تصدیق کی کہ ورلڈکپ کے بعد اس حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا " ہم اس معاملے پر بدستور غور کررہے ہیں اور حالات درست ہونے پر دورہ کرنے پر غور کررہے ہیں"۔ انہوں نے مزید کہا " میری جنوری میں پی سی بی سے ابتدائی بات چیت ہوئی تھی اور ہمیں ای میل بھی موصول ہوئی مگر اس وقت ورلڈکپ نے تمام معاملات کو اپنی گرفت میں لے لیا، مجھے یقین ہے کہ اس پر جلد دوبارہ بات چیت کا آغاز ہوگا"۔

وارن ڈیوٹروم کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب آئرش کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے کہا تھا کہ آئرلینڈ کو آئی سی سی کے فل ممبر ممالک سے زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کی ضرورت ہے۔ آئرلینڈ نے ورلڈکپ میچز میں اپ سیٹ کامیابیوں سے اپنی ساکھ بنائی ہے تاہم یہ ایونٹ چار سال میں ایک بار آتا ہے جس کے بعد اس ٹیم کو ایسوسی ایسٹ ممالک کے ساتھ کھیلنا پڑتا ہے۔

پاکستان ان چند ممالک میں سے ایک ہے جو آئرلینڈ کے ساتھ کھیلنے کا خواہشمند ہے اور وہ گزشتہ چار برس میں دو بار آئرلینڈ کا دورہ کرچکا ہے تاکہ اس کی میچز کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کی جاسکے۔ افغانستان اور کینیا کی جانب سے 2013 اور 2014 میں ایسوسی ایٹ ٹیمیں بھجوائے جانے کے بعد پاکستان میں مکمل بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی توقعات بلند ہوگئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :