سینٹ انتخابات انتہائی شفاف‘ صاف اور اچھے انداز میں ہوئے ہیں ، جمہوریت اور جمہوری اداروں کو استحکام ملا ‘ فاٹا آرڈیننس جاری کرنے کا مقصد ہارس ٹریڈنگ روکنا اور انتخابی عمل کو شفاف بنانا تھا،وفاقی دارالحکومت سے نومنتخب (ن) لیگی سینیٹرز اقبال ظفر جھگڑا اور راحیلہ مگسی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 5 مارچ 2015 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 مارچ۔2015ء) وفاقی دارالحکومت سے مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب سینیٹرز اقبال ظفر جھگڑا اور راحیلہ مگسی نے کہا ہے کہ حکومت نے سینٹ انتخابات انتہائی شفاف‘ صاف اور اچھے انداز میں ہوئے ہیں جس سے جمہوریت اور جمہوری اداروں کو استحکام ملا ہے‘ فاٹا آرڈیننس جاری کرنے کا مقصد ہارس ٹریڈنگ روکنا اور انتخابی عمل کو شفاف بنانا تھا۔

وہ جمعرات کو سینٹ انتخابات میں اپنی کامیابی کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور راہنماؤں نے جیتنے کی خوشی میں انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور مٹھائی تقسیم کی۔ نومنتخب سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ اب ملک میں آمرانہ نظام نہیں آئے گا اور جمہوریت مضبوط ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کے قائد میاں نواز شریف نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر پورا اتریں گے اور ملک و قوم کی مضبوطی و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات انتہائی شفاف اور اچھے اندز میں ہوئے ہیں جس پر میں تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے شفاف انتخابات کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ راحیلہ مگسی نے اس موقع پر کہا کہ میں وزیراعظم نواز شریف کی مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کرکے مجھے ٹکٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا۔

میں ان کے اعتماد پر پوری اتروں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی انتہائی ذمہ داری کیساتھ ملک و قوم کی ترقی کیلئے کام کروں گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اقبال ظفر جھگڑا 211 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار نے 67 ووٹ حاصل کئے جبکہ ڈاکٹر راحیلہ مگسی نے 205 ووٹ حاصل کئے اور ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کی امیدوار نرگس فیض ملک نے 71 ووٹ حاصل کئے۔